پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز میں شرکت کرنے والے نامور غیر ملکی کھلاڑی بھی ایونٹ شروع ہونے کے منتظر اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے بے چین ہیں۔
کیوی اوپنر مارٹن گپٹل، آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ اور آل راؤنڈر جیمز فالکنر پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بن رہے ہیں، ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل، فیڈل ایڈورڈز اور وکٹ کیپر بیٹسمین جانسن چارلس دوبارہ سے لیگ میں شامل ہوئے ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ سے تعلق رکھنے والے آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ متعدد چیلنجز کے بعد لیگ کے بقیہ میچز کا ہونا کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے اچھی خبر ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی میں عمدہ کارکردگی دکھائی، ٹیم کے ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے میں رسائی کے امکا نات موجود ہیں۔
ملتان سلطانز کے ویسٹ انڈین کھلاڑی جانسن چارلس نے کہا کہ ہ ایونٹ میں فیلڈنگ کا معیار بہت شاندار ہوتا ہے اور پاکستانی بولرز حریف بلے بازوں کو بہت ٹف ٹائم دیتے ہیں۔
کراچی کنگز کا حصہ بننے والے کیوی بیٹسمین مارٹن گپٹل کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ پی ایس ایل کھیلیں گے اور دفاعی چیمپئن ٹیم کی نمائندگی کے لیے پرجوش ہیں۔
لاہور قلندرز کے سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر جیمز فالکنر کا کہنا تھا کہ وہ لیگ میں متاثرکن کھیل کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
پشاور زلمی کے فیڈل ایڈورڈز کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں چھ ٹیموں کو ایک جگہ اکٹھا کرکے ایک معیاری ٹورنامنٹ کا انعقاد آسان ٹاسک نہیں وہ پشاور زلمی کی نمائندگی کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایئٹرز ٹیم میں شامل مایہ ناز ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل کا کہنا تھا کہ وہ کوئٹہ گلیڈی ایئٹرز کی ٹیم میں شامل اپنے ساتھیوں کو جلد جوائن کرنے کے منتظر ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں ٹیم عمدہ پرفارم کرے گی۔