• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر خان کی طلاق کے بعد فاطمہ ثناء کا انٹرویو کیوں وائرل ہو رہا ہے؟

بالی ووڈ اداکار عامر خان کی اپنی اہلیہ سے طلاق کے بعد اُن کی ساتھی اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ کا وہ انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں اُنہوں نے اپنے اور عامر خان کے درمیان قائم قریبی تعلقات کی افواہوں پر ردّعمل دیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کی کامیاب فلم ’دنگل‘ کے بعد، جب فاطمہ ثناء شیخ نے اداکار کی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ پر دستخط کیے تو یہ افواہیں منظرِ عام پر آئی تھیں کہ فاطمہ ثناء اور عامر خان کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہیں۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ان افواہوں کے بعد عامر خان کی اہلیہ کرن کافی پریشان نظر آئیں اور اُنہوں نے کسی بھی قسم کا بیان دینے سے گریز کیا۔

دوسری جانب فاطمہ ثناء شیخ نے اپنی اور عامر خان کے درمیان قائم قریبی تعلقات کی افواہوں پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’مجھے یہ خبریں سُن کر بہت برا لگ رہا ہے، مجھے نہیں معلوم کہ کون لوگ ہیں جو یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں۔‘

فاطمہ ثناء شیخ نے کہا تھا کہ ’جو لوگ میرے بارے میں افواہیں پھیلا رہے ہیں، پہلے وہ مجھ سے آکر پوچھیں، میں آپ کو جواب دوں گی۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ’مجھ سے کہا جارہا ہے کہ آپ نظر انداز کریں لیکن میں کس قدر نظر انداز کروں، اس سے میری شخصیت متاثر ہورہی ہے۔‘

واضح رہے کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے اہلیہ کرن راؤ سے 16 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد باضابطہ طور پر طلاق کا اعلان کردیا۔

عامر خان اور کرن راؤ نے طلاق کا اعلان اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا، جس میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ یہ شادی کا اختتام ہے لیکن اسے ایک نئے سفر کے طور پر دیکھا جائے۔

خیال رہے کہ عامر اور کرن راؤ کی پہلی ملاقات بلاک بسٹر فلم ’لگان‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ فلم میں عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور کرن راؤ اس فلم کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھیں۔

عامر خان اور کرن راؤ نے 28 دسمبر 2005 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے، عامر نے اس سے قبل رینا دتہ سے شادی کی تھی اور ان کے ساتھ دو بچے جنید خان اور ایرا خان ہیں۔

عامر خان اور کرن راؤ کے ہاں 2011 میں بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی تھی۔

تازہ ترین