بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے اہلیہ کرن راؤ سے 15 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد باضابطہ طور پر طلاق کا اعلان کردیا۔
عامر خان اور کرن راؤ نے طلاق کا اعلان اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا، جس میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ یہ شادی کا اختتام ہے لیکن اسے ایک نئے سفر کے طور پر دیکھا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ’ 15 خوبصورت برسوں میں ہم نے ایک ساتھ زندگی بھر کے تجربات، خوشی و غم میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور اس دوران ہمارے تعلقات میں صرف اعتماد ، احترام اور محبت کا ہی اضافہ ہوا ہے۔
علیحدگی سے متعلق مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ’اب ہم اپنی زندگی میں ایک نیا باب شروع کرنے جارہے ہیں لیکن اب شوہر اور بیوی کی حیثیت سے نہیں بلکہ شریک والدین اور کنبہ کے طور پر۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’علیحدگی کا فیصلہ کچھ عرصہ قبل کیا گیا تھا لیکن اب باضابطہ طور پر اعلان کیا جارہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے بیٹے کی آزاد والدین ہونے کے ناطے اس کی پرورش ایک ساتھ کریں گے اور فلموں کیلئے اور فاؤنڈیشن میں بھی مشترکہ طور پر کام جاری رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ عامر اور کرن راؤ کی پہلی ملاقات بلاک بسٹر فلم ’لگان‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ فلم میں عامر خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور کرن راؤ اس فلم کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھیں۔
عامر خان اور کرن راؤ نے 28 دسمبر 2005 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے، عامر نے اس سے قبل رینا دتہ سے شادی کی تھی اور ان کے ساتھ دو بچے جنید خان اور ایرا خان ہیں۔
عامر خان اور کرن راؤ کے ہاں 2011 میں بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی تھی۔