بالی ووڈ اداکار عامر خان کے قریبی دوست اور بھارتی پروڈیوسر، اداکار امین حاجی نے انکشاف کیا ہے کہ کرن راؤ نے طلاق کے بیان سے قبل اُنہیں اپنی فیملی فوٹو میسج پر بھیجی تھی۔
عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق کے حوالے سے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں حاجی امین نے کہا کہ ’جب عامر خان اور کرن راؤ نے مجھ سے اور میری اہلیہ سے اپنی طلاق کے فیصلے کا ذکر کیا تو ہم چونک گئے تھے۔‘
حاجی امین نے کہا کہ ’میں نے اور میری اہلیہ نے عامر اور کرن کی مکمل بات سُننے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ ہم اس مشکل وقت میں انہیں تسلی دیں گے اور ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ کرن اور عامر ابھی بھی اچھے دوست ہیں اور فی الحال کارگل میں ساتھ کام کر رہے ہیں جبکہ ان کا بیٹا آزاد بھی ان کے ساتھ ہے۔‘
حاجی امین نے کہا کہ عامر اور کرن نے مجھے اور میری اہلیہ کو یقین دلایا کہ طلاق کے باوجود بھی وہ ایک دوسرے سے ملتے رہیں گے اور اُن کے مابین کچھ نہیں بدلا جائے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ آج صبح مجھے کرن کا پیغام ملا، انہوں نے عامر اور آزاد کے ساتھ کارگل سے اپنی تصویر شیئر کی جہاں وہ لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے اہلیہ کرن راؤ سے 15 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد باضابطہ طور پر طلاق کا اعلان کردیا ہے۔
عامر خان اور کرن راؤ 28 دسمبر 2005 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے، ان کے ہاں 2011 میں بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی تھی۔
تاہم اب دونوں نے طلاق سے متعلق مشترکہ بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ ان کی شادی اختتام پذیر ہوگئی ہے، لیکن اسے ایک نئے سفر کے طور پر دیکھا جائے۔