معروف بھارتی فلمساز رام گوپال نے کہا ہے کہ بالی ووڈ اداکار عامر خان اور کرن راؤ کو اپنی طلاق کا جشن منانا چاہیے۔
اس ضمن میں فلمساز رام گوپال روما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عامر خان اور اُن کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔
رام گوپال ورما نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میری خواہش ہے کہ عامر خان اور کرن راؤ کی زندگی مزید رنگین اور خوشگوار ہوجائے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میرا یقین یہ ہے کہ انسان کو اپنی شادی کی نسبت طلاق کا جشن منانا چاہیے۔‘
بھارتی فلمساز نے مزید کہا کہ ’طلاقیں علم و دانش کی وجہ سے ہوتی ہیں جبکہ شادیاں جہالت اور حماقتوں سے ہوتی ہیں۔‘
رام گوپال ورما نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں عامر خان اور کرن راؤ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’آپ جو کچھ بھی کر رہے ہیں وہ ایک دوسرے کی بھلائی کے لیے کر رہے ہیں۔‘
بھارتی فلمساز نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ آپ کا یہ فیصلہ آئندہ آنے والے وقت کے لیے بھی مفید ہوگا۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’آپ نے جو فیصلہ کیا ہے اس کے پیچھے کی وجوہات صرف آپ دونوں ہی بہتر جانتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے اہلیہ کرن راؤ سے 15 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد باضابطہ طور پر طلاق کا اعلان کردیا ہے۔
عامر خان اور کرن راؤ 28 دسمبر 2005 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے، ان کے ہاں 2011 میں بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی تھی۔
تاہم اب دونوں نے طلاق سے متعلق مشترکہ بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ ان کی شادی اختتام پذیر ہوگئی ہے، لیکن اسے ایک نئے سفر کے طور پر دیکھا جائے۔