• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاصم اظہر نے منگنی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

پاکستان سمیت سرحد کے اُس پار یعنی بھارت میں بھی انتہائی کم عُمر میں شہرت پانے والے نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے اپنی منگنی کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ میں خود آپ کو اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی خبر دوں گا۔

گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر عاصم اظہر اور ماڈل میرب علی کی منگنی کی خبریں زیرِ گردش ہیں اور اس کے ساتھ ہی ایک اسکرین شاٹ بھی وائرل ہورہا ہے جس میں ایک مداح گلوکار سے منگنی کی خبروں کے حوالے سے سوال کرتا ہے۔

اسکرین شاٹ کے مطابق مداح کے سوال کے جواب میں عاصم اظہر منگنی کی خبروں کی تردید کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میرب علی میری بہنوں کی طرح ہے۔

وائرل ہونے والے اسکرین شاٹ کے مطابق عاصم اظہر اپیل کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ براہِ کرم! اس طرح کی جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ ان سے میری فیملی کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب اب عاصم اظہر نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’سوشل میڈیا پر مداح کے ساتھ میری چیٹ کا اسکرین شاٹ جعلی ہے، میں نے کسی مداح سے ایسی کوئی گفتگو نہیں کی ہے۔‘

اُنہوں نے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری سب سے درخواست ہے کہ اس جعلی اسکرین شاٹ کو مزید نہ پھیلائیں۔‘

عاصم اظہر نے لکھا کہ ’نیز! میں ہمیشہ کی طرح اپنی زندگی کے حوالے سے کوئی بھی اعلان خود کروں گا۔‘

گلوکار نے مزید لکھا کہ ’وہ اپنے تمام مداحوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر عاصم اظہر اور ماڈل میرب علی کی منگنی کی خبریں وائرل ہو رہی تھیں۔

سوشل میڈیا پر زیرِ گردش خبروں میں کہا جارہا تھا کہ عاصم اظہر اور میرب علی نے ایک نجی تقریب کے دوران خاموشی سے منگنی کر لی ہے۔

کہا جا رہا تھا کہ عاصم اظہر اور میرب علی کی منگنی کی تقریب میں اُن کے اہلِ خانہ اور چند عزیزوں نے شرکت کی۔

تازہ ترین