• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے باوجود بھی سُنتِ ابراہیمی ادا کرنیوالے اللّہ کا شُکر لازمی ادا کریں: ثناء خان

بالی ووڈ اور شوبز چھوڑ کر مذہب کی طرف راغب ہونے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان نے کہا ہے کہ جو لوگ کورونا وائرس کی اس مشکل گھڑی میں بھی سُنتِ ابراہیمی ادا کررہے ہیں، وہ اللّہ تعالیٰ کا لازمی شُکر ادا کریں۔

ثناء خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’عالمی وبا کورونا وائرس کی خطرناک صورتحال کی وجہ سے لوگوں کی روزی چھن گئی ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ایسے میں اگر آپ اب بھی سُنتِ ابراہیمی کو انجام دینے کے قابل ہیں تو پھر 2 رکعت شکرانے کی نفل ادا کریں اور اس نعمت کے لیے اللّہ تعالیٰ کا شُکر ادا کریں کہ اُس نے ہمیں سُنتِ ابراہیمی ادا کرنے کے قابل بنایا۔‘

ثناء خان نے اس ٹوئٹ کے ساتھ اپنے تمام مداحوں اور دوستوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد بھی دی۔

خیال رہے کہ ثناء خان نے گزشتہ سال بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی۔

بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی سے قبل اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

اس موقع پر ثناء خان کا کہنا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔

تازہ ترین