• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرشی خان اپنے افغان رشتہ داروں کیلئے پریشان

بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 میں چیلنجرز کی حیثیت سے قدم رکھنے والی متنازع کنٹسٹنٹ عرشی خان نے کہا ہے کہ طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان میں موجود اپنے رشتہ داروں کے لیے بےحد پریشان ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان نژاد بھارتی اداکارہ عرشی خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

عرشی خان نے کہا کہ ’وہ کابل پر طالبان کے قبضے سے انتہائی پریشان ہیں کیونکہ اُن کے کچھ دوست اور رشتہ دار اب بھی ملک میں ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں افغانستان میں پیدا ہوئی اور بعد میں ہجرت کرکے اپنے خاندان کے ساتھ بھارت آگئی، اب میں طالبان کی حکومت کے نافذ ہونے کے بعد سے افغان خواتین شہریوں کے لیے بہت پریشان ہوں کیونکہ میں بھی ایک افغان پٹھان خاتون ہوں۔‘

عرشی خان نے کہا کہ ’افغانستان کی صورتحال دیکھ کر مجھے واقعی تکلیف ہوئی ہے اور میں اپنا کھانا صحیح طریقے سے نہیں کر پا رہی ہوں۔‘

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’مجھ سمیت میرے اہلخانہ افغانستان کے لیے  دُعا کررہے ہیں کہ خُدا جلد از جلد اُن کی مدد کرے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میرے رشتہ دار اور دوست اب بھی افغانستان میں موجود ہیں، یہ بہت بُرا وقت ہے کیونکہ ہم بےبس ہیں اور اُن کے لیے کچھ نہیں کرسکتے ہیں۔‘

عرشی خان نے مزید کہا کہ ’ہم صرف خُدا کی طرف سے ہونے والے معجزے کا انتظار کررہے ہیں۔‘

واضح رہے کہ افغانستان پر طالبان نے قبضہ کر لیا ہے جس سے پورے ملک میں خوف و ہراس کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ 

افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان نے ملک میں جنگ ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تازہ ترین