بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 میں چیلنجرز کی حیثیت سے قدم رکھنے والی متنازع کنٹسٹنٹ عرشی خان چھوٹی اسکرین کے بعد اب بالی ووڈ میں انٹری دینے والی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرشی خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنے مداحوں کو بڑی خوشخبری سُناتے ہوئے کہا کہ ’ڈرامہ انڈسٹری کے بعد اب وہ بالی ووڈ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔‘
عرشی خان نے بتایا کہ ’وہ اپنی ڈیبیو فلم میں گاؤں کی ایک لڑکی کا کردار ادا کریں گی جس کا نام ’چمپا‘ ہوگا۔‘
بگ باس کی کنٹسٹنٹ نے اپنی فلم کا نام تو نہیں بتایا تاہم اُنہوں نے یہ ضرور بتایا کہ یہ فلم خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر مبنی ہے۔
عرشی خان نے کہا کہ ’وہ بالی ووڈ میں اپنے پہلے پراجیکٹ کے لیے بہت زیادہ خوش ہیں اور جس ہدایتکار کے ساتھ وہ کام کررہی ہیں اُنہوں نے ہی اس کردار کے لیے عرشی خان کا انتخاب کیا ہے۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’اُن کے مداح ’چمپا‘ کے کردار میں اُنہیں ایک بالکل مختلف روپ میں دیکھیں گے۔‘
یاد رہے کہ بگ باس کے سیزن 14 سے باہر ہونے کے بعد عرشی خان کا یہ پہلا پراجیکٹ ہے۔
عرشی خان اس سے قبل بگ باس کے سیزن 11 میں بھی جلوہ گر ہوئی تھیں اور بگ باس کی وجہ سے ہی عرشی خان کی مقبولیت میں کافی حد تک اضافہ ہوا۔