• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں پیپلز پارٹی کا آخری دور سمجھنے والے اپنی فکر کریں: امتیاز شیخ

وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے بیان پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا آخری دور سمجھنے والے اپنی فکر کریں۔

امتیاز شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کا پہلا اور آخری دور چل رہا ہے، مہنگائی، بیروزگاری اور غربت پی ٹی آئی کی عظیم کارکردگی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر سندھ کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے لیے کراچی آتے ہیں، جان بوجھ کر سندھ میں پانی کی قلت پیدا کی جارہی ہے۔

وزیر توانائی سندھ نے یہ بھی کہا کہ سندھ کی زمینوں کو بنجر بنانے کی سازش کی جارہی ہے، وفاق اور ارسا سندھ کے کسانوں سے دشمنوں والا سلوک کررہے ہیں۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ سندھ کی تمام ترقیاتی اسکیمیں پیپلز پارٹی نے دی ہیں جبکہ پی ٹی آئی نے تین سال میں سندھ میں ایک بھی اینٹ نہیں لگائی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی ترجمانوں کا صرف ایک ہی کام ہے، الزام لگاؤ اور مال بناؤ۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اپوزیشن پر وار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جلسے کے بعد فضل الرحمٰن بیمار ہو جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اپوزیشن لیڈر سے کہا تھا کہ شہباز شریف فیصلہ کریں کہ مسلم لیگ نون کا لیڈر کون ہے؟ نون لیگ والے پہلے اپنی قیادت کا فیصلہ کریں کہ پارٹی کون لیڈ کرے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ امید ہے کہ یہ پیپلز پارٹی کا آخری دور ہو، 13 سال بعد سندھ سے پی پی کی حکومت کا خاتمہ ہو گا، سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہو گی۔

تازہ ترین