چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے عظیم کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کی وفات پر گہرے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کشمیری ایک عظیم اور پرعزم رہنما سے محروم ہوگئے ہیں، ایسی عظیم شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں۔
سید علی شاہ گیلانی نے تمام زندگی جموں و کشمیر کی بھارت سے آزادی کے لیے جدوجہد کی اور اپنے اصولوں پر ہمیشہ مصمم رہے، ان کی وفات ہمارے لیے عظیم صدمے اور دکھ کا باعث ہے، آج دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری غم زدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی شاہ گیلانی نظر بند بھی رہے اور انہوں نے بھارت کی طرف سے ذہنی اور جسمانی اذیتوں کا بھی سامنا کیا لیکن وہ پہاڑ کی طرح کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں اپنے عظیم موقف پر قائم رہے۔
ہماری دعا ہے کہ رب کریم سید علی گیلانی کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے پس ماندگان اور پوری کشمیری قوم کو صبر جمیل عطا فرمائے۔