• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا ضرورت مند افغانوں کی مدد کیلئے طالبان سے رابطے کرے، اقوام متحدہ

کابل (اے ایف پی، جنگ نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے پیر کے روز عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا انتہائی ضرورت مند افغان شہریوں کی مدد کیلئے طالبان سے رابطے کرے۔ انٹونیو گوٹیرش افغانستان کیلئے ڈونرز کانفرنس کی میزبانی کیلئے جنیوا میں موجود تھے جس میں جنگ سے متاثرہ ملک کیلئے 60 کروڑ ڈالر کی امداد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کیلئے امریکی مندوب لیندا تھامس گرین فیلڈ نے افغانستان سے متعلق ویڈیو کانفرنس میں اعلان کیا کہ امریکا افغانستان میں انسانی امداد کیلئے 6 کروڑ 40 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔ روسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک غذا اور دوائوں کی مد میں افغانستان کو امداد فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ فرانس نے بھی افغانستان کیلئے 11 کروڑ 80 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ امداد کو انسان حقوق کی بہتری کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حقیقی حکمرانوں سے رابطے کئے بغیر وہاں انسانی امداد پہنچانا نا ممکن ہے، یہ انتہائی اہم ہے کہ موجودہ وقت میں طالبان سے رابطے کئے جائیں۔ انہوں نے دنیا بھر کی اقوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغان معیشت کو تباہی سے بچانے کیلئے وہاں نقد رقوم کی فراہمی کیلئے ذرائع تلاش کئے جائیں کیوں کہ معاشی تباہی کے افغانستان اور خطے کیلئے سنگین نتائج ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ اگر کسی بھی ملک کے اصل حکمرانوں کا رویہ درست نہ ہو تو اس کی سزا اجتماعی طور پر وہاں کی عوام کو دی جائے۔ واضح رہے کہ طالبان حکومت سے پہلے بھی اافغانستان کی نصف آبادی یا ایک کروڑ 80 لاکھ لوگ بیرونی امداد پر انحصار کرتے تھے۔ اقوام متحدہ کے عہدیداروں اور امدادی گروپس نے خبردار کیا کہ خشک سالی، نقدی اور خوراک کی کمی کی وجہ سے یہ تعداد بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے۔

تازہ ترین