بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کے صاحبزادے آریان خان جیل میں بے آرام اور پریشان دکھائی دیتے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے آریان خان کی جیل کی کیفیت سے متعلق رپورٹ ذرائع کے حوالے سے نشر کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کنگ خان کے صاحبزادے جیل میں بے آرامی اور پریشانی کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔
جیل ذرائع کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے بتایا کہ منشیات کیس میں ممبئی کی آرتھر جیل میں موجود آریان خان بہت پریشان ہیں اور وہ بے آرامی اور ذہنی الجھ کا شکار ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کے باعث آریان خان اور دیگر ملزمان کو جیل کی الگ الگ بیرکس میں رکھا گیا۔
ممبئی کی خصوصی عدالت میں آج بھی آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جج نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
جج نےکہا کہ فیصلے 20 اکتوبر کو سنایاجائے گا تب تک آریان خان جیل میں رہیں گے۔
آریان خان 3 اکتوبر سے پولیس کی حراست میں ہیں،ان پر ممبئی کے کروز شپ تک ممنوعہ منشیات لے جانے کا الزام لگایا گیا ہے۔
اس مقدمے میں 20 کے قریب افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آریان خان پر منشیات سے متعلق سنگین الزامات لگائے ہیں۔
آریان خان کے وکیل کیس کی سماعت کے دوران اس بات کی صحت سے انکار کرچکے ہیں کہ کروز پر چھاپے کے دوران آریان خان سے کسی بھی نوعیت کی منشیات برآمد ہوئی ہے۔