• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھرپور رنگینیاں سمیٹے ”اسٹائل ایوارڈ ز“کی شاندار تقریب آج جیو کے تعاون سے ہوگی

کراچی ( محمد ناصر ) پاکستان کے معتبر، مستقل اور شوبز انڈسٹری کے سب سے بڑے ”لکس اسٹائل ایوارڈز“ کی پندرہویں تقریب اب صرف چند گھنٹوں کی بات رہ گئی ہے، جمعہ کو اس تقریب کیلئے زبردست انتظامات کئے گئے ہیں اور یہ اس شہر کی ایک بہت یادگار تقریب کہی جارہی ہے ، سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر ایوراڈز کے بارے میں بھی مہم چلائی گئی جس سے لوگوں میں اس تقریب کا احوال جاننے کیلئے بے چینی پائی جاتی ہے ۔ یہ بے مثال اور معتبر ایوارڈز جیو کے تعاون سے منعقد کئے جارہے ہیں ، جیو ٹی وی اپنے ناظرین کیلئے اس تقریب کا مکمل احوال بہت جلد پیش کرے گا۔ آج اس بات کا فیصلہ ہوجائے گا کہ فلم اور ٹی وی کا کون بہترین اداکار اور ادکارہ ہے، کونسی فلم اور کونسا ڈرامہ بہترین ہے ، کون بہترین فیشن ماڈل ہے؟ اور بے شمار ایسی کیٹیگریز کے فاتح آج سرخرو ہونگے ۔ وہ مبارک بادیں وصول کریں گے، اور تالیوں اور سیٹیوں کی گونج میں یہ اہم ایوارڈ لینے آئیں گے ۔ ”لکس اسٹائل ایوارڈز“ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان میں انٹرٹینمنٹ، موسیقی اور فیشن کی پذیرائی کرنے والا واحد ایوارڈ شو ہے جو 2002ءسے مستقل عوام کیلئے پیش کیا جارہا ہے۔ ایوارڈ شو کی تقریب کو رونق بخشنے شوبز اور فیشن انڈسٹری سے منسلک تمام چھوٹے اور بڑے ستارے ا سوقت کرچی پہنچ گئے ہیں۔ اس جھلملاتی شام کو مزید بھر پور اور روشن بنانے کیلئے گذشتہ تقریبات میں نظر آنے والی خامیوں کو دور کر دیا گیا ہے اور پوری کوشش کی جارہی ہے کہ فول پروف انتظامات کئے جائیں ۔ بہت خاص نئے سیگمنٹس اس ایونٹ میں شامل کئے گئے ہیں اور دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ یہ ایوارڈ شو 2007ءملائیشیا میں منعقد ہونے والے ایوارڈ شو سے بھی بڑا رنگا رنگ اور شاندار ثابت ہوگا۔ پاکستان کے نامور گلوکار ، فنکار اوراداکار علی ظفر تقریب کی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔ علی ظفر نے اِس تقریب کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس لکس اسٹائل ایوارڈز کی میزبانی کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، میری پوری کوشش ہوگی کہ عوام کی توقعات پر پورا اُترتے ہوئے اس تقریب میں کچھ نیا کرسکوں۔ اُنہو ں نے کہا کہ شو میں کئی پوشیدہ پہلو ہیں جن کا میں شدت سے منتظر ہوں، میری خواہش ہے کہ میزبانی کے فرائض انجام دیتے وقت اپنے کام سے انصاف کرسکوں۔ میزبانوں کی فہرست میں ہردِل عزیز فواد خان، عروہ ہوکین اور آمنہ شیخ کے علاوہ دیگر نامور ستارے ساتھی میزبان کا ساتھ نبھائیں گے، دوسری طر ف احمد علی بٹ اور یاسر شاہ بھی اپنی مزاحیہ گفتگو اور دلچسپ چٹکلوں سے حاضرین اور ناظرین کو محظوظ کر یں گے ۔اس بار شائقین اپنی پسندیدہ اور خوبرو اداکارہ ماہرہ خان کو ”لکس اسٹائل ایوارڈز“ کے اسٹیج پر ڈانس پرفارمنس کرتا دیکھیں گے۔ ”لکس اسٹائل ایوارڈز“ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ انٹرٹینمنٹ کے تمام شعبوں کو اہمیت دیتا ہے، اپنے اِسی امتیاز کو برقرار رکھنے کیلئے اس برس بھی ایک خصوصی سیگمنٹ ترتیب دیا گیا ہے جو فلمی گیت، ڈراموں کے گانوں، البمز اور انفرادی گیتوں پر مشتمل ہوگا۔ علی ظفر نے اس تقریب کیلئے خاص طور پر ایک گیت بھی تخلیق کیا ہے جسے عوام کے سامنے پیش کرکے وہ اس ایونٹ کو چار چاند لگائیں گے، ڈانس کےلئے ترتیب دیئے گئے ایک اور سیگمنٹ کی میزبانی عروہ ہوکین اور فرحان سعید کریں گے۔ اس کے علاوہ تقریب کا ایک خاص حصہ ایسا بھی ترتیب دیا گیا ہے جسے کوئی بھی شخص چھوڑنا نہیں چاہے گا کیونکہ اِس حصے میں ناظرین فلم ”مور“ اور ”منٹو“ کے علاوہ دیگر ڈراموں کے گیتوں سے منفرد انداز سے محظوظ ہوں گے۔ گذشتہ برس اِس ایوارڈ شو کا آغاز امجد صابری کی جانب سے کیا گیا تھا، اب وہ ہمارے درمیان نہیں، اُن کے چلے جانے کے غم کی شدت اُن کے شائقین اب تک محسوس کررہے ہیں تاہم چند ہی الفاظ ہیں جو اُن کے سانحہ کے احساس کو بیان کرسکتے ہیں۔ ”لکس اسٹائل ایوارڈ“ کی یہ تقریب اُن کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کئے بغیر ختم نہیں کی جاسکتی لہٰذا علی ظفر، قرة العین بلوچ، علی سیٹھی، حدیقہ کیانی اور فرحان سعید سمیت دیگر موسیقار اُن کے اعزاز میں نذرانہ پیش کریں گے۔ شوبز کی اِس سب سے بڑی تقریب میں ”امجد صابری“ کے نام ”لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ“ بھی دیا جائے گا۔ ا س بار جیو کی دو فلمیں ”منٹو “اور” مور“ ایوراڈز کی کئی کیٹیگریز میں شامل ہیں ، جبکہ جیو کا ایک ڈرامہ” آپ کی کنیز “ کے ڈائریکٹر عمار یوسف بہترین ڈرامہ ڈائریکٹر کی نامزدگی میں سر فہرست ہیں ۔ بہترین فلم کی فہرست میں دیگر کے علاوہ جیو کی دو فلمیں منٹو اور مور شامل ہیں ، بہترین فلم اداکار کی کیٹیگری میں حمید شیخ ( مور ) اور سرمد سلطان ( منٹو) بھی ہیں، بہترین اداکارہ فلم کیلئے ثانیہ سعید( منٹو) اور سمیعہ ممتاز(مور) کے نام بھی موجود ہیں، فلم ڈائریکٹر کی کیٹیگری میں دیگر کے علاوہ سرمد سلطان کھوسٹ ( منٹو) اور جمشید محمود رضا( مور) کے نام چمک رہے ہیں،بیسٹ سنگر کیٹیگری میں علی سیٹھی ( منٹو)، جاوید بشیر ( مور) اور رحیم شاہ ( مور) میں سے کسی ایک کے نام قرعہ نکلنے کا امکان ہے۔ بیسٹ سنگر خاتون کیلئے زیب بنگش ( منٹو) اور میثا شفیع( مور) کیلئے نامزد ہوئی ہیں۔نمرہ بچہ ( منٹو)سپورٹنگ ایکٹریس کیٹیگری میں دیگر کے ساتھ کامیابی کی امید لئے موجود ہیں۔مقابلہ کافی سخت ہے اور ہر کیٹیگری میں کئی نامورشخصیات موجود ہیں کون فاتح ہوگا اس کا فیصلہ جمعہ کی نصف شب کے بعد ہوجائے گا۔
تازہ ترین