• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسیم اختر نے جیل سے آکر حلف اٹھالیا، جئے بھٹو، جے متحدہ، جئے عمران کے نعرے

 کراچی،حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر، بیورو رپورٹ) کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں مئیرز،ڈپٹی میئرز اور ضلعی و تعلقہ چیئرمین نے بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔کراچی کے نومنتخب میئر وسیم اختر نے جیل سے آ کر حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب میں جئے بھٹو، جئے متحدہ اور جئے عمران کے  نعرے لگائے گئے ۔کراچی میں5 ڈی ایم سیز اور ضلع کونسل کراچی کے  نو منتخب چیئرمین  اور وائس چیئرمین نے بھی منگل کو حلف اٹھا لئے  بلدیہ وسطی میں بلا مقابلہ منتخب ہونے والے چیئرمین ر یحا ن ہاشمی،وائس چیئرمین شاکر علی نے  اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔ وسیم اختر کو سخت سیکیورٹی حصار میں بکتر بند گاڑی میں جیل سے گلشن جناح لایا گیا حلف کے بعد خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر نے کہاکہ میں ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ساتھ ہوں بلاا متیاز کراچی ، سندھ اور پاکستان کے لیے کام کریں گے میئرشپ کیسے چلانی ہے اس کا لائحہ عمل جیل جاکر طے کروں گا۔ میرے خلاف مقدمات جھوٹے اور قابل ضمانت ہیں حلف برداری  تقریب میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرا ظہارا لحسن،عامرخان، سیدسرداراحمد، نسرین جلیل ارکان اسمبلی ، غیرملکی سفارتکاروں ، صنعتکاروں ، تاجروں ، سابق ایڈ منسٹریٹر کے ایم سی لیئق احمد سمیت ایم کیو ایم ، پیپلز پا ر ٹی ، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور دیگرجماعتوں کے یوسی چیئرمینوں ، ڈپٹی چیئرمینوں اور کونسلروں سمیت میئر اور ڈپٹی میئر کے اہل خانہ نے شرکت کی۔حلف لینے کے بعد سابق ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی لیئق احمد نے شہر کی روایتی کنجی میئر کے حوالے کی۔ حیدرآباد مہران آرٹس کونسل میں میئر اور ڈپٹی میئر کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں متحدہ قومی موومنٹ کے نومنتخب بلدیاتی کونسلرز، پارٹی ورکرزاور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔ نومنتخب میئر سید طیب حسین اور ڈپٹی میئر سہیل مشہدی سے ریٹرننگ افسر قمرالدین شیخ نے حلف لیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر معتصم عباسی ، ڈی آر او اعجاز چوہان نے بھی شرکت کی۔ حلف لینے کے بعد نومنتخب میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے کہا کہ وہ ایم کیو ایم نہیں حیدرآباد کے میئر ہیں، شہر اور عوام کی بہتری کے لئے اگر وزیر اعلیٰ  کے دروازے پر جانا پڑا تو وہ جائیں گے، انہوں نے کہا کہ شہر کے مسائل پر بات کرنے کیلئے وزیر بلدیات جام خان شورو سے بھی ملاقات کریں گے، تمام جماعتوں کے منتخب بلدیاتی نما ئندوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، حیدرآباد کی انتظا میہ سے بھی امید ہے کہ ان کا تعاون بھی ہمیشہ کی طرح ساتھ رہے گا دوسری جانب ضلع کونسل میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پر ضلع کونسل کے چیئرمین بدر میمن اور وائس چیئرمین بلال لغاری سے ریٹرننگ افسر شکیل ابڑو نے حلف لیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے بھی شرکت کی۔ سندھ میوزیم میں میونسپل کمیٹی قاسم آباد کے چیئرمین کاشف شورو اور وائس چیئرمین اقبال سومرو سے ریٹرننگ افسر مرتضیٰ میمن نے حلف لیا۔
تازہ ترین