• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ہائی کمیشن لندن کے سامنے 27اکتوبر کو احتجاجی مظاہرہ ہوگا

برمنگھم (پ ر) کشمیر پر بھارت کی ننگی جارحیت اور غاصبانہ قبضہ کے خلاف 27اکتوبر کو بھارت ہائی کمیشن لندن کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور بھارت کے مظالم اور ریاستی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ برطانیہ میں کشمیری جماعتوں کے مشترکہ پلیٹ فارم کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر مفتی فضل احمد قادری کی زیر صدارت منعقد ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر فضل احمد قادری نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں اپنی فوجیں داخل کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس کے خلاف کشیریوں کے شدید ردعمل اور جہدوجہد کے نتیجے میں بھارت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ لے گیا اور پوری دنیا کے سامنے وعدہ کیا کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے گا اور بھارتی وزیر خارجہ اسی اقوام متحدہ میں کھڑے ہو کے دنیا کے سامنے جھوٹ بول رہی ہے کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی کشمیری، پاکستانی کمیونٹی اور آزادی پسند یوم سیاہ منا کر دنیا پر واضح کرنا چاہتے ہیں بھارت طاقت کے بل بوتے پر بندوق کے زور پر کشیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ قائم نہیں رکھ سکتا۔ برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیریوں کی نئی نسل نے جدوجہد آزادی کا محاذ سنبھال لیا ہے اور بھارت کے لئے نوشتہ دیوار ہے کہ وہ جنگ کی دھمکیاں اور پانی بند کرنے کی بجائے امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرے اور اپنے وعدوں پر عمل درآمد کرے۔ فضل احمد قادری نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ اس وقت خاموش رہنے کی بجائے موجودہ کشمیر کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر توجہ دے۔ اجلاس سے کشمیر رابطہ کمیٹی کے سرپرست اعلیٰ محمد غالب، جنرل سیکرٹری راجہ محمد عارف، صاحبزادہ فاروق القادری، پیپلز پارٹی کے چوہدری واجد برکی، تحریک کشمیر برطانیہ کے مفتی عبدالمجید ندیم، کشمیر کنسرن کے ساجد یوسف، قائداعظم ٹرسٹ کے راجہ اشتیاق، حافظ محمد ادریس، ڈاکٹر خرم بشیر، چوہدری محمد امین دیگر رہنمائوں اور علماء کرام نے شرکت کی اور مظاہرے کی بھرپور حمایت کی۔
تازہ ترین