• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آمریت کیخلاف نصرت بھٹو مرحومہ کا کردار شاندار ہے، خواجہ کلیم الرحمٰن

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) پیپلز پارٹی گریٹر مانچسٹر کی طرف سے پیپلز پارٹی کی خاتون اول مادر جمہوریت مرحومہ نصرت بھٹو کی پانچویں برسی عقیدت احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر ایصال ثواب اور دعا کی گئی، تقریب سے خطاب میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق مشیر آزاد کشمیر خواجہ کلیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی عظیم خاتون رہنما اور مادر جمہوریت نصرت بھٹو نے پاکستان میں آمریت کے خلاف اور پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لیے شاندار تحریک چلائی، جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے حوصلے بلند کیے جب کہ طویل جلاوطنی کی زندگی بسر کی۔ خواجہ کلیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ نصرت بھٹو مرحومہ کی زندگی ہی میں ان کے شوہر اور دو بیٹوں کو شہید کیا گیا تھا۔ خواجہ کلیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ پاکستان میں جمہوریت کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتی ہے اور اگر کوئی طاقت پاکستان کے خلاف سازش کرے گی تو پیپلز پارٹی پوری قوم کے ساتھ مل کر اسے ناکام بنادے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا راز ہی جمہوریت میں ہے، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما عالم پنوار نے کہا کہ نصرت بھٹو مرحومہ نے جمہوریت کے لیے بڑی قربانیاں دیں ان کو زخمی کیا گیا لیکن انہوں نے جرأت سے جمہوریت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے کام کیا۔ اس موقع پر نجم الحسن نے کہا کہ پاکستان میں آمریت لانے کی ہر کوشش ناکام بنادی جائے گی۔ چاچا عرفان، مختار احمد، خواجہ عمران کلیم، رضا افتخار بٹ، محمد اسلم، آصف رشید بٹ، سعید الرشید بٹ، رانا سلطان احمد، طارق چوہدری بٹ نے بھی نصرت بھٹو مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تازہ ترین