• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرائیں، ہسپانوی حکام

بارسلونا (شفقت علی رضا )سپین میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے بارسلونا میں یوم تاسیس کشمیر کے عنوان سے پروگرام کا انعقاد کیا جس کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان میڈریڈ رفعت مہدی تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت الحاج قاری عبدالرحمان نے حاصل کی۔ پروگرام سے مقامی سیاسی جماعت سوشلسٹ کی ایم این اے ’’میرثے پریا‘‘ ہسپانوی حکومتی پارٹی پاپولر کے ’’میگیل خورادو ‘‘ اور صوبہ کاتالونیا کے سیکرٹری امیگریشن ’’خوسے ماریا سالا‘‘ نے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور دوسری بڑی طاقتوں سے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انڈین آرمی کی جارحیت اور ظلم و تشدد کو بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے، اس موقع پر سپینش مقررین کا کہنا تھا کہ 70سال ہوگئے لیکن ابھی تک کسی کو کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز ظلم نظر نہیں آئے ، ان کا کہنا تھا کہ یہ بڑے دُکھ اور الم کی بات ہے۔ سفیر پاکستان رفعت مہدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کو چاہئے کہ وہ آگے آئے اور نہتے کشمیریوں کو تحفظ دے، انہیں اپنی مرضی سے جینے کا حق ملے اور ان کے حقوق کو پامال ہونے سے بچایا جائے ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے رواں سال جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دو ٹوک الفاظ میں مسئلہ کشمیر کو فوری حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دوران پروگرام وادی مقبوضہ کشمیر میں انڈین آرمی کی طرف سے فائرنگ سے ہلاکتوں، آنسو گیس سے آنکھوں کے ضائع ہونے اور نوجوانوں کے اٹھنے والے جنازوں کی ویڈیو دکھائی گئی جسے دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ قونصل جنرل بارسلونا مراد اشرف جنجوعہ، سعید شاہ، راجہ گلفراز ایڈووکیٹ، راجہ مختار سونی اور دوسرے مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی بھرپور مذمت کی ۔پروگرام میں اعلان کیا گیا کہ 27اکتوبر کو انڈین سفارت خانہ میڈریڈ کے سامنے بہت بڑا احتجاج کیا جائے گا جس میں سپین بھر سے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی شرکت کرے گی۔
تازہ ترین