• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کی غیرحاضری سےپارلیمان اور جمہوریت کانقصان ہو رہا ہے، تجزیہ کار

کراچی(ٹی وی رپورٹ) ایم کیوا یم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن کے درمیان تناؤ سے کراچی کے حالات خراب ہوسکتے ہیں مظہر عباس، سلیم صافی، امتیاز عالم، حفیظ اللہ نیازی، بابر ستار اور شہزاد چوہدری کی جیو کے ’رپورٹ کارڈ‘ میں گفتگو سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمان میں غیرحاضری سے پارلیمنٹ اور جمہوریت کو نقصان ہورہا ہے، مسلم لیگ ن کے تو اپنے ارکان پارلیمنٹ میں نہیں آتے انہیں کیا،پی ٹی آئی کے نہ آنے سے فائدہ ہوگا، عمران خان کیلئے وہی پارلیمنٹ قابل قبول ہوگی جو انہیں وزیراعظم قبول کرلے، پی ٹی آئی کے ارکان اخلاقی اور سیاسی طور پر پارلیمنٹ کے رکن ہی نہیں رہے ہیں، ایم کیوا یم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن کے درمیان تناؤ سے کراچی کے حالات خراب ہوسکتے ہیں، حکومت کے اقدامات سے اردو بولنے والوں کو لگتا ہے ان کے ساتھ امتیازی سلوک ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، سلیم صافی، امتیاز عالم، حفیظ اللہ نیازی، بابر ستار اور شہزاد چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان عائشہ بخش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال پی ٹی آئی کی پارلیمان سے غیرحاضری، حکومت کو فائدہ ہورہا ہے یا نقصان؟ کا جواب دیتے ہوئے امتیاز عالم نے کہا کہ دھرنا ختم ہونے کے بعد پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ سے بائیکاٹ سمجھ سے بالاتر ہے، پارلیمنٹ کے بائیکاٹ سے نقصان پی ٹی آئی کو ہی ہوگا،پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں آکر اپنا کردار ادا کرسکتی ہے، پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں نہ آکر اپنے رائے دہندگان سے زیادتی کررہی ہے، پارلیمنٹ کی بے توقیری کر کے پی ٹی آئی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، کل تحریک انصاف اقتدار میں آگئی تو اسی پارلیمنٹ کی بے توقیری پر پریشان ہوگی۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمان میں غیرحاضری سے پارلیمنٹ اور جمہوریت کو نقصان ہورہا ہے، پارلیمنٹ میں نہ حکومت اور نہ ہی اپوزیشن آتی ہے مگر جب ارکان پارلیمان کی ڈیڑھ سو فیصد تنخواہیں بڑھانے کا معاملہ ہو تو سب ایوان میں آکر اس بل کو پاس کرلیتے ہیں، پارلیمنٹ میں موثر اپوزیشن نہ ہونے سے جمہوریت کو نقصان ہواہے، مسلم لیگ ن کے تو اپنے اراکین پارلیمنٹ میں نہیں آتے انہیں کیا پی ٹی آئی کے نہ آنے سے فائدہ ہوگا، حکومتی وزراء بھی پی ٹی آئی ارکان کی طرح پارلیمنٹ سے غیرحاضر رہتے ہیں، پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ سے غیرحاضری کا نقصان 2018ء میں محسوس ہوگا۔بابر ستار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پارلیمنٹ سے باہر بیٹھنے پر حکومت کو خوش نہیں ہونا چاہئے، پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ سے غیرحاضری کا تمام سیاسی جماعتوں کو نقصان ہوگا۔
تازہ ترین