• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو کانفاذ،حکومت پنجاب کا نوٹس‘انگریزی میں لکھی ناموں کی تختیاں ہٹانے کاحکم

بہاولپور(توصیف احمد)سرکاری طورپر اردوزبان  کے نفاذ کیلئے عملی اقدامات نہ اٹھائے جاسکے جس پر  حکومت پنجاب نےسخت نوٹس لیتے ہو ئے تمام سرکاری دفاتر میں انگریزی میں لکھی افسروں کے ناموں کی تختیاں ہٹانے کاحکم دیا ہے اور  ویب سائٹ پر اردو کا پیج بھی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے  تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کی جانب سے تمام سرکاری اداروں میں اُردو زبان کے نفاذ کے حکم پر اداروں میں تاحال کوئی عملی قدم نہ اٹھایا جاسکا، دفاتروں میں آج بھی خط وکتابت انگریزی میں جاری ہے۔ معاملے کانوٹس لیتے ہوئے مجلس زبان دفتری محکمہ امور ِ ملازمت وانتظام عمومی سول سیکرٹریٹ حکومت پنجاب کے چیئر مین ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی جانب سے سینئر ممبربورڈ آف ریونیو، چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، چیئر مین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم، تمام صوبائی سیکرٹریز، تمام محکموں کے سربراہان، ڈویژنل کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، رجسٹرار لاہورہائی کورٹ، آئی جی پنجاب،رجسٹرار پنجاب سروس ٹربیونل،سیکرٹری صوبائی اسمبلی پنجاب اورسیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن کوجاری کردہ مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ اُردو زبان کے نفاذ کیلئے فوری طورپر عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے تمام سرکاری دفاتر میں انگریزی زبان میں لکھی گئی افسران کے ناموں کی تختیاں ہٹاکر اُردو زبان میں لکھ کرلگائی جائیں۔ تمام محکمہ جات فی الفور مفاد عامہ سے متعلق روز مرہ استعمال کے فارموں،بلوں اورگوشواروں کاانگریزی کے ساتھ ساتھ اُردو میں ترجمہ شائع کریں۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طورپر ویب سائٹ پر انگریزی کے ساتھ ساتھ اُردو کاپیج بھی بنوایاجائے جس پر تمام تر معلومات اُردو میں فراہم ہوں۔ تمام محکمہ جات اپنے قواعد وضوابط، قوانین، پالیسی امور، اعلانات اورسرکاری احکامات کااُردو میں ترجمہ کریں اوران تراجم کی فوری طورپر محکمہ قانون وپارلیمانی امور سے توثیق کروائیں اوررپورٹ کریں۔
تازہ ترین