• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز خواتین سے بدسلوکی کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے،بیرسٹر امجد ملک

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے اسلام آباد ائرپورٹ پر ایف آئی اے کے عملے کی طرف سے ناروے سے تعلق رکھنے والی دو اوورسیز پاکستانی ماں اور بیٹی کو چیکنگ کے دوران زود و کوب کرنے اور ان کی بے عزتی کرنے کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے واقعہ کا سختی سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے مذکورہ واقعہ پر وزیراعظم پاکستان کے نام اپنے خط میں کہا ہے کہ ایک طرف تو حکومت ناروے،یورپ اور برطانیہ میں اپنے وفود بھیج کر اوورسیز پاکستانیوں کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرواتی ہے اور دوسری طرف پاکستانی ائرپورٹ پر ان کے ساتھ اس قسم کا ہتک آمیز سلوک کیا جاتا ہے جو کہ حکومت کے اقدامات کی نفی کے مترادف ہے ، واقعہ کی محکمانہ انکوائری کے ساتھ ساتھ جوڈیشل انکوائری بھی کروائی جائے تاکہ ذمہ داران کو کڑی سے کڑی سزاکے لئے انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے ۔بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ حکومت نے ایف آئی اے کے ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن نہ لیا تو یہ اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ بہت بڑی نا انصافی ہو گی اور حکومت اور اوورسیز پاکستانیوں کے درمیان بد اعتمادی کی فضا کو جنم دے گی ۔او پی ایف کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے پاکستان کے تمام ائرپورٹس پر پچاسی لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے جو ڈیسک قائم کیے ہیں وہاں کم از کم ایس پی کے عہدے کے آفیسر کو تعینات کیا جائے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولیات کے لئے قائم کیے گئے ڈیسک ان کی شکایات درج کرسکیں اور پولیس اسٹیشن کا کام کر سکیں ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ائرپورٹس پر با عزت اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ حسنِ سلوک کے ساتھ پیش آنے کے لئے ایف آئی اے کے سٹاف کی باقاعدہ اسپیشل ٹریننگ ہونی چاہیے تاکہ آئندہ وہ کسی اور کے ساتھ اس اندا زمیں پیش نہ آئیں ۔بیرسٹر امجد ملک نے وزیراعظم کی توجہ اس جانب مبذول کرواتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے ملک سے بے انتہا پیار کرتے ہیں اور وہ دیارِ غیر میں ہمارے ملک کے بہترین سفیر ہیں جب وہ وطن آتے ہیں تو اُن کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آنا چاہیے تاکہ وہ اپنے وطن اور حکومت پر فخر کر سکیں ،اُنہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ایف آئی اے کے اُن افسران کو جو مذکورہ واقعہ کے ذمہ داران ہیں فی الفور اُن کی ڈیوٹی سے الگ کر دیا جائے ، ایک ہفتہ میں ایک ہی نوعیت کے دو واقعات کا پیش آنا انتہائی تشویشناک ہے ۔
تازہ ترین