• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارسٹ گارڈز کی بھرتیوں میں بے قاعدگیاں، اپوزیشن کا احتجاج

پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں نے محکمہ جنگلات میں فارسٹ گارڈ ز کی بھرتیوں میں مبینہ بدعنوانیوں اورقواعد کیخلاف بھرتیوں پر احتجاج کرتے ہوئے معاملہ کی انکوائری کا مطالبہ کردیا ہے، جمعہ کے روز صوبائی اسمبلی اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے رکن ثناء اللہ خان کے سوال پر محکمہ جنگلات کے تحریری جواب میں کہا گیا کہ جون 2013سے اب تک دیر بالا اور دیر پائین میں فارسٹ گارڈز سمیت مختلف اسامیوں پر30 افراد کو بھرتی کیا گیا ہے جس پر اپوزیشن ارکان نے صوبائی حکومت پربھرتیوں میں بدعنوانی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہاکہ فارسٹ گارڈ کیلئے کم از کم تعلیم کی شرط ایف ایس سی مقرر ہے تاہم محکمہ کے تحریری جواب میں میٹرک تعلیم کے حامل کئی امیدواروں کو بھرتی کیا گیا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملہ مبینہ بدعنوانی کو بے نقاب کرنے کیلئے انکوائری کی جائے اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے جنگلات فضل الہیٰ نے اپوزیشن ممبران کو مطمئن کرنے کی کوشش کی اور تاہم اپوزیشن ارکان نے احتجاج شروع کردیا اور مطالبہ کیا کہ معاملہ صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے جس کا راستہ روکنے کیلئے حکومتی ارکان کی جانب سے کورم کی نشاندہی کی گئی جس کے باعث معاملہ قائمہ کمیٹی کو بھجوانے سے قبل ہی اجلاس ختم کردیا گیا۔
تازہ ترین