• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے جلد معاشی انقلاب آئے گا، شہبازشریف

  لاہور( نمائندہ جنگ)  وزیر اعلیٰ پنجاب  شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے جلد معاشی انقلاب آئیگا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت صدق دل سے ملک و قوم کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت نے عوام دوست، فلاحی و ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے جس سے ملک میں معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو گی اور میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوامی مشکلات میں کمی ہو گی-انہوں نے کہا کہ  شفافیت ہمارا طرہ امتیاز ہے، عوام خدمت کرنے والوں کو نہیں بھولتے اور حکومت ترقیاتی و معاشی انقلاب کے روڈ میپ پر عمل پیرا ہے- توانائی کے منصوبے وقت مقررہ سے پہلے مکمل ہو رہے ہیں،جن سے بجلی کی پیداوارمیں اضافہ ہو رہا ہے ۔ افواج پاکستان ،رینجرز، پولیس اور شہریوں کی قربانیوں سے ملک میں دہشت گردی پر قابو پایا گیا ہے اورملک امن و امان کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے  گزشتہ روز   پنجاب ہائوس اسلام آباد میں راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں  نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی-وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان ، شاہدخاقان عباسی ، شیخ آفتاب احمد،مریم اورنگزیب، ایم این اے حمزہ شہباز اوردیگراراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے-ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں ، عوام کی فلاح و بہبودکے پروگراموں ، کسان پیکیج ، گندم خریداری مہم ، خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام ، امن عامہ اور دیگر فلاحی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شہباز شریف نے پنجاب ہائوس، اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس کے آغاز پر خود تلاوت کلام پاک کر کے کارروائی شروع کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان پر اپنا کرم فرمائے، تمام مسلمانوں کے لئے ماہ صیام اللہ تعالی کی برکتیں اور رحمتیں لائے اور ہمیں اس قدر ہمت اور قوت عطا فرمائے کہ ہم ملک کو درپیش تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں تعلیم ، صحت ،ذرائع مواصلات کی سہولیات کی فراہمی ، امن و امان ، ٹریفک کی بہتری کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سہولیات میں اضافے کے لئے خطیر فنڈز فراہم کئے گئے ہیں ۔وزیر اعلی نے راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹس کیلئے رقوم رکھی گئی ہیں اوریہ منصوبے راولپنڈی ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد ، بہالپور اور گوجرانوالہ میں شروع کئے جائیں گے-انہوں نے کہاکہ عوام کیلئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کررہے ہیں اور صوبے میں 318 سستے رمضان بازار وں کیلئے9ارب روپے کا تاریخی رمضان پیکیج دیا گیا ہے - کھادکی قیمتوں میں کمی ، بلا سود قرضوں سے چھوٹے کاشتکاروں کو بے حد فائدہ حاصل ہواہے۔ پاکستان کی 70سالہ میں پہلی مرتبہ قومی منصوبوں سے اربوں روپے کی بچت کی گئی ہے اور پیسے بچا کر تعلیم صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوںپر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے تمام  ضلعی ہیڈ کوارٹرزہسپتالوںمیں نئی سٹی سکین مشینیں فراہم کی جا رہی ہیں اور اعلی معیار کی ادویات مہیا کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری چار سالہ کارکردگی سب پر عیاں ہے اور یہ ہماری کامیابی بین ثبوت ہے کہ عالمی ادارے بھی پاکستان کا شمار دنیا کی تیزی سے ابھرتی کامیاب معاشی قوتوں میں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ1320میگا واٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ نے صرف 22ماہ کی مدت میں بجلی کی پیداوار شروع کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اور منصوبے کے دوسرے پلانٹ کے ٹرائل کا آغاز ہو گیا ہے- 10جون تک مزید 660میگا واٹ بجلی حاصل ہونے سے یہ پراجیکٹ مجموعی طو رپر 1320میگا واٹ بجلی فراہم کرے گا- انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو آگے بڑھایا ہے- انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والے سیاسی عناصر ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں جبکہ ماضی کی حکومتوں نے لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم کئے رکھا-انہوں نے کہا کہ دھرنے دے کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے خلاف ناپاک سازش کی گئی اور لاک ڈاؤن کے ذریعے ایک بار پھر ملک کو ترقی کے ٹریک سے ڈی ریل کرنے کی کوشش کی گئی- عوام خدمت کرنے والوں کو کبھی نہیں بھولتے بلکہ انہیں سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں - انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی تقدیر بدل دے گااور یہ منصوبہ حقیقی معنوں میں پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہو ا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ قومی منصوبوں پر سیاست کرنا زہر قاتل ہے -شہباز شریف کی زیر صدارت اتوار کو یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا- اجلاس میں وزیر اعلی نے شیخوپورہ کے قریب محکمہ جنگلات کی اراضی واپس لینے کے حوالے سے کیس کی بہترین انداز میں پیروی کرنے پر لیگل ٹیم کو شاباش دی اور محکمہ جنگلات و انتظامی افسران کی کارکردگی کو سراہا-وزیر اعلی نے اچھی کارکردگی پر لیگل ٹیم اور دیگر افسران کو تعریفی اسناد اور نقد انعام دیئے-تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رانا شمشاد شامل تھے- وزیر اعلی نے رینج فاریسٹ آفیسر لاہور ثاقب بھٹی اور نائب تحصیلدار فیروز والا تنویر حسین کو تعریفی اسناداور نقد انعام دیئے-وزیر اعلی نے پنجاب حکومت کی لیگل ٹیم اور متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیگل ٹیم نے بہترین اور موثر انداز میں کیس کی پیروی کی اورمحکمہ جنگلات اور دیگر محکموں کے افسران نے بھی اراضی واگزار کرانے کے لئے محنت سے کام کیا -
تازہ ترین