• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلمانوں کے مسائل کا حل قرآن کریم میں موجود ہے، پیر حبیب الرحمٰن محبوبی

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل)الجامعہ صفۃ الاسلام سنٹرل مسجد میں رمضان المبارک کی 29ویں شب کو ختم قرآن کی روح پرور محفل ہوئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی فضیلت الشیخ پیرمحمد حبیب الرحمٰن محبوبی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک انسانیت کا ہادی اور سرچشمہ خیرو برکت ہے قرآن پڑھانے والے اور اس پر عمل کرنے والے بہترین لوگ ہیں۔ مسلمانوں کے مسائل و مشکلات کا حل قرآن کریم کے آفاقی پیغام میں موجود ہے۔ قرآن کریم ایک مکمل ضابطہ حیات ہے آج دنیا بھر میں مسلمانوں کی بقا قرآن کریم کی حقیقی تعلیمات میں ہے۔ پروگرام نماز عصر کے بعد شروع ہوا جس سے پیرسید شعیب حسین شاہ، علامہ ظفر محمود فراشوی، صاحبزادہ انوارالحق قادری، صاحبزادہ اسرارالحق اویسی، مفتی سلیمان رضوی، صاحبزادہ دلشاد حسین قادری، علامہ نعمت علی چشتی، مفتی غلام سرور، قاری محمد رمضان، مولانا نوید احمد سیالوی، مولانا سجاد رومی، وقاص احمد نے خطاب کرتے ہوئے قرآن کریم کی آخری سورتوں کی تفسیر بیان کی۔ علماء نے الجامعہ صفۃ الاسلام میں نوجوانوں کےلئے تعلیمی سرگرمیوں کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ آستانہ عالیہ ڈھانگری شریف کا طرۂ امتیاز ہے کہ ان کا قرآن کریم سے ایک گہرا ربط ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے قرآن کریم صرف مسلمانوں کےلئے ہی نہیں بلکہ ساری نوع انسانی کی فلاح و بہبود کے لئے ہے۔ اللہ کے رسول سارے عالم کے لئے رحمت بنا کر بھیجے گئے، اللہ رب العالمین سارےعالم کر رب ہے۔ قرآن کے پیغام کو بلالحاظ مذہب و فرقہ عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حق و باطل کے درمیان کسوٹی ہے۔ ظفر محمود فراشوی نے کہا کہ اسلام ایک پرامن دین ہے دہشت گردی کا اس سے کوئی تعلق نہیں دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی شدت پسندانہ کاروائیں کی جارہی ہیں وہ قابل مذمت ہیں۔ سعودی عرب میں دہشت گردی کی مذموم کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے گھر کی خود حفاظت کرے گا۔ دہشت گرد تاریخ سے سبق سیکھیں قرآن کریم نے سورہ فیل میں واضح طور پر کہا ہے کہ جس لشکر نے ہاتھیوں کو ساتھ لے کر حرم پاک کی بے حرمتی کرنے کی غرض سے چڑھائی کی اللہ تعالیٰ نے ان کو برباد و غارت کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آج برطانیہ میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کمیونٹی کو تقسیم کرنے کے لئے شدت پسندانہ کارروائیاں کی جارہی ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ برطانیہ میں مسلمان آپس میں اختلاف کی بجائے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں عیدالفطر کے موقع پر سب مسلمانوں کو بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہئے تاکہ اغیار کو باتیں کرنے کا موقع نہ ملے انہوں نے کہا قرآن اور شریعت محمدیہ ہمیں زندگی کے تمام امور کی واضح رہنمائی کرتے ہیں ہمیں ایسی حرکات سے اجتناب برتنا چاہیئے جس سے دنیا ہم کو طعنے مارے کہ ہم ایک تقسیم قوم ہیں ہمیں ذاتی مفادات کے خول سے باہر نکل کر اجتماعی ملی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تقریب کے آخر میں امت مسلمہ اور دنیا بھر میں مظلوم انسانیت کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر بزم رضا کی جانب سے درودوسلام کے نذرانے پیش کئے گئے۔

تازہ ترین