• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارمینہ خان برطانوی مختصر فلم میں روبوٹ بنیں گی

Todays Print

کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی اداکارہ ارمینہ خان اپنی آنے والی شارٹ برطانوی سائنس فکشن فلم ’دی اچیلز پروٹوکول‘ میں روبوٹ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ارمینہ خان نے گزشتہ برس اس فلم کا حصہ بننے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وہ سائنس فکشن فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہوگئی تھیں۔تاہم اب پہلی بار انہوں نے اپنے روبوٹک کردار کی تصویر شیئر کی ہے، جسے دیکھ کر کئی لوگوں نے حیرانی کا اظہار کیا۔ارمینہ خان اس مختصر سائنس فکشن فلم کے مرکزی کردار میں نظر آئیں گی، وہ پہلی پاکستانی اداکارہ ہیں، جو کسی غیر ملکی فلم میں روبوٹ کا کردار ادا کریں گی۔

فلم کی کہانی ایک آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی جانب سے اس کائنات کو ایٹمی بارود سے ختم کرنے کے منصوبے کے ارد گرد گھومتی ہے، منصوبے کو ختم کرنے والے مصنوعی انٹیلی جنس کا نام آئی ایس آئی ایس ہوتا ہے، جس کا کردار ارمینہ خان نبھاتی نظر آئیں گی۔فلم کی ہدایات عاطف ظفر نے دی ہیں،اور انہوں نے اس کا اسکرپٹ بھی لکھا ہے، جب کہ اسے روبیکا کلیئر ایونٹ پروڈیوس کر رہی ہے۔فلم کو سب سے پہلے رواں برس کے آخر میں برطانیہ میں ہونے والے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول سرکٹ (آئی ایف ایف سی) میں پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس فلم فیسٹیول میں برطانیہ میں بننے والی مختصر فلموں کو نمائش کے لیے پیش کیا جاتا ہے، جس میں مختلف کیٹیگریز کی بہترین فلموں کو ایوارڈز اور انعامات دیے جاتے ہیں۔فلم کی ٹیم نے اسے عام سینما گھروں میں ریلیز کرنے کے حوالے سے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ آئی ایف ایف سی میں نمائش کے بعد اسے مرحلہ وار سب سے پہلے برطانیہ، پھر امریکا اور بعد ازاں پاکستان میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔

تازہ ترین