• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان ، نیٹو قافلے اور افغان پولیس پر طالبان کے حملے،8اہلکار ہلاک

کابل (جنگ نیوز) افغانستان میں طالبان کے حملوں میں  ضلعی پولیس کے سربراہ سمیت 8اہلکار ہلاک جبکہ نیٹو قافلے پر خودکش حملے میں 3افراد زخمی ہوگئے ۔ یہ حملے ضلع ناد علی ، غزنی اور کابل میں کئے گئے ۔طالبان نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جبکہ نیٹو قافلے پر حملے میں 16امریکی اہلکاروں کے ہلاک یا زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے ۔  افغان حکام کے مطابق ناد علی ضلع کے پولیس سربراہ عمر جان حقمل ہلمند صوبے کے دارالحکومت لشکر گاہ کی طرف جار رہے تھے جب ان پر حملہ ہوا۔وہ اپنے تین محافظوں سمیت ہلاک ہوگے ۔ طالبان ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ حقمل گزشتہ ایک ماہ کے دوران جنگجوئوں حملوں میں ہلاک ہونے والے چوتھے اعلیٰ پولیس عہدیدار ہیں۔

دوسری طرف عہدیداروں نے کہا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب متعدد طالبان جنگجوؤں نے غزنی صوبے کے قرہ باغ ضلع کی ایک پولیس چوکی پر اچانک حملہ کردیا۔ صوبائی حکومت کے ایک ترجمان محمد عارف نوری نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ حملہ آوروں نے 5پولیس اہلکاروں کو ہلاک اور آٹھ دیگر کو زخمی کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی دارالحکومت سے بھیجی جانے والی کمک کے بعد افغان فورسز نے حملہ آوروں کو پیچھے دھکیل دیا۔

تازہ ترین