• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران خاندان نے ملکی معیشت کیساتھ خود کو بھی تباہ کیا،حسن نثار

کراچی(جنگ نیوز) سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ نواز شریف کے  حلقے این اے 120میں عوامی تائید اور معاشی ترقی کے دعوے جھوٹے ہیں، اسحاق ڈار نے صرف ملکی معیشت ہی تباہ نہیں کی بلکہ شریف خاندان کو بھی تباہ کردیاہے، مریم نواز کو براہ راست قیادت دینے کے فیصلے سے اتفاق نہ کرنے والے انتہائی قابل احترام لوگ ہیں، نواز شریف موٹروے بناتا ہے لیکن اس کے انتخابی حلقے کی گلیوں کا حال دیکھو تو شرم آتی ہے،پیپلز پارٹی کے سینئر لوگوں کو آصف زرداری سے کہہ دینا چاہئے تھا کہ حضور بہت ہوگئی، پی آئی اے کا جہاز غائب ہوگیا اور کسی کو پتا نہیں یہ انتہائی شرمناک بات ہے۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ نواز شریف کے این اے 120میں عوامی تائید اور معاشی ترقی کے دعوے جھوٹے ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد نے این اے 120میں بیک وقت نواز شریف، وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور ضلعی حکومت سے مقابلہ کیا اور پہلے سے بہتر کارکردگی دکھائی ہے،اسحاق ڈار پاکستان کی معیشت کو ایسے ڈس چکا ہے جیسے شیش ناگ چھ مہینے کے بچے کو ڈس لے، اسحاق ڈار نے صرف ملکی معیشت ہی تباہ نہیں کی بلکہ شریف خاندان کو بھی تباہ کردیاہے،نواز حکومت نے اتنا قرض لیا ہے جتنا پچھلے ستر سال میں نہیں لیا گیا تھا، عوام کو بے عزت کر کے ملک کو باعزت نہیں بنایا جاسکتا ہے، اسی طرح عوام کو کمزور رکھ کر ملک کو طاقتورنہیں بنایا جاسکتا ہے۔

لندن میں شریف خاندان کی بغیر پروٹوکول سڑک پر تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ شریف خاندان اس تصویر میں مسکینوں اور یتیموں کی طرح کھڑا نظرا ٓتا ہے، یہ اپنے ملک کی تذلیل اور اپنے ہم وطنوں کی توہین کرتے ہیں لیکن انہیں شرم نہیں آتی، تصویر میں نواز شریف بیگ اٹھائے ہوئے اور بیگم سرجری کے بعد سڑک پر کھڑی ہے لیکن نہ زمین پھٹی نہ آسمان گررہا ہے۔ حسن نثار کا کہنا تھا کہ عجیب بات ہے نااہل وزیراعظم اہل وزیراعظم کو طلب کررہا ہے،ایک بات جواب طلب ہے کہ جب نااہل وزیراعظم اہل وزیراعظم کو بیرون ملک طلب کرتا ہے تو وہ اپنے خرچ پر جاتا ہے یا سرکاری خرچ پر حاضری لگاتا ہے، اگر شریف خاندان ڈاکو، چور، فراڈیا نہیں تو جتنی دفعہ ان کیخلاف کیس کھلیں گے انہی کی عزت میں اضافہ ہوگا۔

تازہ ترین