• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانیت کی خدمت سب سے بڑا فرض ہے،مولانا نبیل افضل

کوونٹری (نمائندہ جنگ)انسانیت کی خدمت سب سے بڑا فرض ہے، انسانیت سے پیار کرنے اور حقوق العباد پورے کرنے سے خدا کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کوونٹری المدینہ غوثیہ رضویہ سینٹر کے خطیب و نگران اعلیٰ مولانانبیل افضل نے نامور شخصیت راجہ ظفر آف کوٹلی کی صاحبزادی کی برسی کے حوالے سے منعقدہ ختم قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا سے چلے جانے والے دوست احباب اہل عیال کو یاد رکھنا ان کیلئے دعائوں کا سلسلہ جاری رکھنا بھی عبادت ہے۔ اسلام ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ اختلافی باتوں کو پھیلانے کی بجائے مشترکات کو فروغ دے کر اسلام کے اصل مقاصد کو اجاگر کیا جائے۔ نوجوان نسل کو بے راہ روی سے ہٹا کر صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہی ہمارا مقصد ہونا چاہئے۔ اسلام ہمیں باہمی رواداری اخوت و محبت اور اتحاد و اتفاق کا درس دیتا ہے۔اس موقع پرنبیل افضل نے راجہ ظفر کے والدین و خاندان کے دوسرے افراد سمیت ان کی صاحبزادی کے لئے خصوصی دعا فرمائی۔ انہوں نے پاکستانی، روہنگیا، کشمیر، فلسطین کے مسلمانوں کی زندگیوں کو آسان بنائے اور مشکلات کے گرداب سے باہر نکل جانے کیلئے بھی دعا کی۔ تعزیتی تقریب میں ممتاز کشمیری رہنما حاجی مبارک کیانی، مسلم ریسورسس سینٹر کے جوائنٹ چیئرمین مشتاق دین، راجہ بشیر، راجہ ایوب، راجہ شاہد شافی، کونسلر بیرسٹر طارق محمود، کونسلر و کیبنٹ ممبر کامران خان و دیگر لاتعداد شخصیات نے شرکت کی۔ دریں اثناء المدینہ غوثیہ رضویہ سینٹر کے معتمد خاص راجہ اشفاق نے شرکاء کو سینٹر کا دورہ کروایا اور اس کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سینٹر ہماری نوجوان نسل کی رہنمائی کرے گا۔
تازہ ترین