• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کیخلاف غلط بیانی پر فیصلہ آیا تھا، عمران بھی بیانات بدل چکے، دانیال

Todays Print

کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیرنجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں ثبوت جمع کرانے سے متعلق عمران خان کا بیان جھوٹ ہے، عمران خان کو جھوٹ پر مبنی ٹوئٹس کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا،عمران خان ایک درجن مرتبہ عدالت میں اپنے بیانات بدل چکے ہیں، جسٹس گلزار اور جسٹس کھوسہ نے نواز شریف کیخلاف فیصلہ کرپشن پر نہیں،غلط بیانی پر دیا تھا،حکومت ہماری لیکن عدالت ہماری نہیں ہے، قانون کی حکمرانی کیلئے سب ادارے اپنا کام کریں۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن عارف چوہدری بھی شریک تھے۔عارف چوہدری نے کہا کہ عمران خان عدالت میں اپنے بیان میں ثبوت کے ساتھ درستگی کرسکتے ہیں،جسٹس گلزارا ور جسٹس کھوسہ نے محض غلط بیانی پر نواز شریف کو نااہل قرار نہیں دیا تھا،حکومت کا اپنے اداروں کی ساکھ پر سوال اٹھانا حکومت کی ہی ناکامی ہے۔

وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر سارے الزامات ثابت ہورہے ہیں، عمران خان ایک درجن مرتبہ عدالت میں اپنے بیانات بدل چکے ہیں، انہوں نے خود عدالت کو کہا کہ میں غلط بیانی کررہا ہوں،میرا ماضی کا بیان رد کر کے نیا بیان لیا جائے، جسٹس گلزار اور جسٹس کھوسہ نے نواز شریف کیخلاف فیصلہ کرپشن پر نہیں غلط بیانی پر دیا تھا، عمران خان بیانات بدل رہے ہیں تو اس کو اچھا کہا جارہا ہے۔دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اثاثے چھپانے اور ٹیکس چوری کرنے کا خود لکھ کر دیا ہے، سپریم کورٹ کو کہا ہے الیکشن کمیشن سے عمران خان کا ریکارڈ منگوایا جائے مگر ریکارڈ نہیں آرہا، دبئی سے 1964ء کا پانی کا بل آگیا لیکن یہاں سڑک پار سے ریکارڈ نہیں منگوایا جارہا۔

دانیال عزیز نے کہا کہ عدالت بے شک عمران خان اور جہانگیر ترین کیس کا فیصلہ ایک وقت میں کرے مگر کیس ختم تو کرے، عمران خان نے ابھی تک بینک اسٹیٹمنٹ جمع نہیں کروائیں سسک سسک کر ایک ایک بینک اسٹیٹمنٹ دے رہے ہیں، پاناما کیس میں دستاویزات کی بھرمار لگائی گئی لیکن ثابت کچھ نہیں ہوا، عمران خان 2002ء میں پبلک آفس ہولڈر تھا جب تمام ٹرانزیکشنز ہوئیں، سپریم کورٹ میں ثبوت جمع کرانے سے متعلق عمران خان کا بیان جھوٹ ہے، عمران خان کو جھوٹ پر مبنی ٹوئٹس کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ بطور وزیر نجکاری دن رات اپنا کام کرتا ہوں، نجکاری کمیشن کے عدالتوں میں تمام کیسوں کو میں دیکھتا ہوں، پی ٹی آئی نے مجھے وزیربنانے کیلئے مہم چلائی تاکہ ان کی جان چھوٹ جائے، میں وزیر بن گیا تب بھی ان کی جان نہیں چھوٹی تو اوچھی باتیں کررہے ہیں۔

تازہ ترین