• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشز بہت اہم،سابق اسٹارز اور پرستار ٹیم کی حمایت کریں،کوچ

سڈنی ( جنگ نیوز) آسٹریلوی کوچ ڈیرن لی مین نے ایشز کیلئے منتخب کئے جانے والے اسکواڈ کا دفاع کرتے ہوئے تنقید کرنے والوں سے ٹیم کی حمایت کا مطالبہ کیا ہے ۔آسٹریلیا نے ایشز 2017 کے ابتدائی 2 ٹیسٹ میچز کے لئے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس پر سابق کرکٹرز کی جانب سے حیرانی کے ساتھ ساتھ شدید تنقید بھی کی گئی تھی ۔23نومبر کو برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے شروع ہونے والی سیریز کے لئے حیران کن طور پر 7 سال بعد وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم پین کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ 34 سالہ شان مارش نے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کر کے ٹیم میں جگہ بنائی جس کے بعد آل رائونڈر گلین میکسویل کو ڈراپ کردیا گیا۔ ایشز سیریز کے 5 میں سے ابتدائی 2 میچز کے لئے منتخب کردہ کھلاڑیوں میں کپتان اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، کیمرون بینکروفٹ، جیکسن برڈ، عثمان خواجہ، پیٹ کمنز، پیٹر ہینڈز کامب، جوش ہیزل ووڈ، نیتھن لیون، شان مارش، ٹم پین، چڈ سیئرز اور مچل اسٹارک شامل ہیں۔گابا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیرن لی مین نے موجودہ اسکواڈ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو رائے دینا کا حق ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹم پین موجودہ اسکواڈ میں سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنے ہیں ۔ کیونکہ وہ سات برس بعد ٹیسٹ اسکواڈ میں واپس آئے ہیں ، لیکن دلچسپ بات ہے کہ وہ اپنی ریاسٹی ٹیم کی جانب سے بھی وکٹ کیپنگ نہیں کررہے۔ تاہم کوچ کا کہنا ہے کہ وہ بہترین وکٹ کیپر ہیں، ہم نے بہت دیکھ بھال کر اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
تازہ ترین