• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقابلے کے امتحان:کامیابی کیلئے نوجوان انگریزی بہترکریں،اظہر عابدی

کراچی(جنگ نیوز)جیو کے پروگرام ’’جیو پاکستان ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر تعلیم اور کیرئیر کونسلر سید اظہر حسین عابدی نے کہا کہ سی ایس ایس کے لئے طالب علموں کو سب سے زیادہ توجہ اپنی انگریزی قابلیت پر دینی ہو گی ، سیٹیزن فائونڈیشن کے جنرل مینجر اسفندیار عنایت نے کہا کہ سوا دو کروڑکروڑ پاکستانی بچوں کیلئے تعلیمی سہولت موجود نہیں ،سینئر تجزیہ کارمجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ نظر ثانی کی اپیل پردئے جانے والے ریمارکس کی وجہ سے نواز شریف کواداروں پر تنقیداور اعتراض کا موقع ملا ،ماہر نفسیات ڈاکٹر کرن نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ہارنا نہ سکھائیں ،اچھے مستقبل کی تلاش میں غیرقانونی طور پر یورپ جانیوالوں سے متعلق گفتگو بھی کی گئی کہ اچھی زندگی کی تلاش میں نکلے اور واپس لاش کی شکل میں آئے ، انقلابی اور عوامی شاعر فیض احمد فیض کی 33ویں برسی پر عظیم شاعر کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔سید اظہر حسین عابدی نے کہا کہ تعلیمی دور میں ہر نوجوان سی ایس ایس یا مقابلے کا امتحان پاس کرکے بہترین نوکری کے حصول کا سہانا خواب ضرور دیکھتا ہے ، لیکن مقابلے کے امتحان کے شدید حوصلہ شکن نتائج بد سے بدترین ہوتے جا رہے ہیں ، سی ایس ایس کا بنیادی جز لازمی مضامین میں ہی موجود ہے جس میں انگلش ، پاکستان افئیرز ، اسلامیات ، جنرل نالج وغیرہ شامل ہیں ، دیگر 6مضامین طالب علم اپنے پسندسے منتخب کر سکتے ہیں ، ماحولیات کے شعبے میں کیرئیر بنانے والوں کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں ،ماحولیات کے شعبے میں دنیا بھر میں بے تحاشاریسرچ کی جا رہی ہے ، ماسٹرزاور پی اچی ڈی کے لئے جرمنی میں کلین ٹیکنالوجی کے ابھرتے ہوئے شعبے میں بے شمار وظائف بھی دیئے جا رہے ہیں ۔بچوں کے عالمی دن پر سیٹیزن فائونڈیشن کے جنرل مینجر اسفندیار عنایت بنے ’’جیو پاکستان ‘‘کے مہمان ، عالمی تعلیمی قوانین کے مطابق 5 سال سے 16سال کے درمیان کا بچہ اسکول میں ہونا چاہیے ،پاکستان میں اس عمر کے سوا 2کروڑ بچوں کے لئے تعلیم کی سہولت موجود نہیں ، پرائمری تعلیم کے لئے محنت مشقت کرکے اسکول جانے والے بچوں کو سیکنڈر ی لیول پر تعلیم کو اسکولوں کی کمی کے باعث چھوڑنا پڑتا ہے ۔ماضی میں تعلیم کا مسئلہ طلب اور رسد دونوں کا تھا خوش قسمتی سے آج تعلیم کا مسئلہ صرف رسد کا رہ گیا ہے لوگ اپنے بچوں تعلیم دلوانے کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں ۔بچپن کی پہچان ’’ہار نہ ماننا ‘‘اور’’آگے بڑھتے جانا‘‘کو مشہور برانڈ نے اپنے اشتہارمیں ایک خوبصورت پیغام کے طور پر فلمایا، اسی پر بات کرتے ہوئے ماہر نفسیات ڈاکٹر کرن بشیر احمد کا کہنا تھا کہ نوموولود کو گھٹنے کے بل چلنا ہی دو پائوں پر چلنا سکھاتا ہے ، آہستہ آہستہ ہم بڑے ہوتے ہوئے ہار سے ہارنا سیکھ جاتے ، لیکن ہمیں بچوں کے ذہن میں ہار کا مطلب واضح کرنا ہوگا ، ہر بچہ نہ اول آسکتا ہے اور نہ ہی ہر بچے کی قابلیت ایک جیسی ہوتی ہے ، ہمیں بچوں میں جیت کے جذبے کو جگاتے ہوئے ایک دوسرے کے لئے سیڑھی بننے کی تربیت بھی دینی ہوگی ۔ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کارمجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی نااہلی طویل مدت کے لئے ہیں ابھی معاملہ شروع ہوا ہے وہ صحیح وقت پر عوام میں گئے ہیں ، ملکی اداروں کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جاسکتا نہ ہی ان کی نیت پر شک کیا جاسکتا لیکن نظر ثانی کی اپیل پردئے جانے والے ریمارکس کی وجہ سے نواز شریف کواداروں پر تنقیداور اعتراض کا موقع ملا ، یہ بات بھی ذہن میں رکھنی ہو گی کہ ایک یا دو جلسوں سے عدلیہ کے فیصلوں کو نہ بدلا جا سکتا ہے اور نہ ان کے اثرات کو کم کیا جاسکتا ہے ، نوا زشریف کی جانب سے عمران خان پر تنقید سے متعلق بات کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ عمران خان نواز شریف کے سب سے بڑے حریف ہیں ،دونوں جانب سے حملے اور تنقید کا جواب دینا انتخابی مہم کا آغاز ہے ۔
تازہ ترین