• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کے تمام مذاہب امن، محبت اور انسانیت کےاحترام کا درس دیتے ہیں،قونصل جنرل احمد امجدعلی

بریڈ فورڈ(محمد رجاسب مغل) پروفیشنلز مسلم انسٹیٹیوٹ نے بریڈ فورڈ کے لارڈ میئر کی چیرٹی کو سپورٹ کرنے کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں قونصل جنرل احمد امجد علی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب امن، محبت، برداشت اور انسانیت کے احترام کا درس دیتے ہیں برطایہ میں باہمی ہم آہنگی کے فروغ اور باہمی روا داری کے لئے مختلف مذاہب کے مابین ڈائیلاگ انتہائی ضروری ہے۔ تقریب میں تمام مذاہب کے لوگوں نے شرکت کرتے ہوئے واضح پیغام دیا کہ وہ متحد ہوکر کمیونٹی کو تقسیم کرنے کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ تقریب کے میزبان اور پروفیشنلز مسلم انسٹیٹیوٹ کے بانی جاوید بشیر نے کہا کہ ہماری مذاہب محبت، بھائی چارے برداشت، عدم تشدد اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ برطانیہ میں رہتے ہوئے جہاں ہمیں فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے وہاں مقامی کمیونٹی کے ساتھ انضمام کی بھی کوششیں کرنی چاہئے۔ لارڈ میئر آف بریڈ فورڈ کونسل عابد حسین نے تقریب کے آرگنائزر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ ہمارا ملک ہے اور ہمیں اس ملک میں اپنے مثبت کردار سے ایک عظیم مثال قائم کرنا ہوگی۔ جب میں نے لارڈ میئر کا حلف لیا تو میرا یہ عزم تھا کہ میں بریڈ فورڈ کے مختلف مذاہب اور کمیونٹیز کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتےہوئے متحد کروں گا آج الحمدللہ اس ہال میں برطانیہ میں بسنے والے تمام مذاہب کے افراد کو دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ اگرچہ جب میں نے لارڈ میئر کی ذمہ داریاں سنبھالی تھی تو میں نے ڈائون سنڈروم اور وشنگ ویل چیرٹیز کا انتخاب کیا تھا اور صرف ان کی بھرپور سپورٹ کی بلکہ دنیا بھر میں جہاں بھی انسانیت سسک رہی تھی ان کے لئے بھی بھرپور کام کیا۔ تقریب میں ملکہ برطانیہ کی جانب سے او بی ای کے اعزاز حاصل کرنے والے معروف پاکستانی اور مزدور رہنما محمد تاج نے بھی اس پروگرام میں خصوصی شرکت کی اپنےخطاب میں انہوں نےکمیونٹی کو اپنی زندگی کے سفر کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اگر انسان محنت کرے تو اس کا صلہ اللہ تعالیٰ کی ذات دیتی ہے ایک وہ دور تھا کہ جب انہیں ملازمت کے دوران نسلی تعصب کا بھی سامنا کرنا پڑا مگر آج کا دور الحمد للہ ہم سب کمیونٹیز رکھتی ہیں۔ ہماری ایشیائی کمیونٹی پارلیمنٹ ، لارڈ میئرز اور کونسل میں اپنی بھرپور نمائندگی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکہ برطانیہ کی جانب سے ان کو ملنے والا اعزاز نہ صرف اپنے بلکہ ٹریڈ یونین کے تمام مزدوروں کے لئے ایک اعزاز سمجھتے ہیں۔ زمل سنگھ جنہیں ملکہ برطانیہ نے یہ اعزاز سے نوازا ہے نے خطاب کرتے ہوئے بریڈ فورڈ کے لارڈ میئر عابد حسین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ انہوں نے ہمیشہ کمیونٹی کو متحد کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا، انہوں نے لارڈ میئر چیرٹیز کے لئے ایک ہزار پونڈ دینے کا اعلان بھی کیا۔ تقریب سے منہوج جوشی، بریڈ فورڈ کونسل لیڈر سوزن ہنچکلف، سابق لارڈ میئر جیف ریڈ، عابد حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا، تقریب میں خواتین کے علاوہ سابق لارڈ میئر کونسلر خادم حسین، نامزد لارڈ میئر کونسلر ظفر علی، کونسلر امیدوار صبیحہ خان، ڈاکٹر طارق، ڈپٹی لارڈ میئر کونسلر ڈورین، کونسلر ناظم اعظم ، کیتھلے کے میئر کونسلرناظم اعظم، کونسلر امیدوار برائے لینڈز کونسل گوہر الماس خان، الحاج ظفر اقبال جماعتی، الحاج علی اکبر چشتی کے علاوہ کمیونٹی کے مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔
تازہ ترین