• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج ٹیکس فائلر ہار گیا، آٹو اور لینڈ مافیا جیت گیا، مفتاح اسماعیل

وزیر خزانہ اسد عمر کی طرف سے بجٹ تقریر میں نان فائلرز کے لئے گاڑی اور جائیداد خریدنے پر عائد پابندی ختم کی تجویز پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سخت تنقید کی ۔

مفتااح اسماعیل نے وفاقی وزیر خزانہ کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے پہلے بجٹ میں آج ٹیکس فائلر ہار گیا،آٹو مافیا اور لینڈ مافیا جیت گیا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے نان ٹیکس فائلر کے لیے آسانی پیدا کی ، جس سے یہ پیغام دیا گیا کہ ٹیکس دینے کا فائدہ نہیں ۔

مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ روز بھی منی بجٹ دیا تھا جب گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا تحریک انصاف والے پانچ سال تک کہتے رہے کہ ٹیکس نیٹ بڑھائیں، ہم نے بہت زیادہ لابی کو برداشت کیا اور نان فائلر پر پابندی لگائی لیکن انہوں نے وہ ہٹادی جو ایک برا قدم ہے،اب نان فائلر بھی گاڑی خرید سکتا ہے جس سے ٹیکس پیئر کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، اچھا ہوتا کہ نان فائلر پر عائد قدغن لگی رہنے دی جاتی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہماری حکومت نے دو لاکھ سے زائد آمدن والوں کا ٹیکس کم کیا تھا لیکن انہوں نے وہ پھر بڑھادیا۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ حکومت نے کل بھی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو ڈیڑھ سو ارب روپے کا ٹیکہ لگایا، اس سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تسلیم کیا کہ وہ ہمارے دور کے سی پیک کے منصوبوں کو چلنے دیں گے، انہوں نے مہم چلائی تھی کہ ہمارے پروجیکٹ غلط ہیں لیکن آج تسلیم کیا کہ وہ پروجیکٹ ملکی مفاد میں تھے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت نے بینکنگ ٹرانزکشن پر ٹیکس بڑھا دیا ہے جس سے لاکھ روپے ٹرانزکشن پر 200 روپے کٹیں گے، یہ بالکل آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، حکومت نے آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فیصلہ کرلیا ہے لیکن بتا نہیں رہے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے ایمنسٹی اسکیم سے 120 ارب روپے جمع کیے تھے، اس سے انہیں 80 سے 90 ارب روپے ٹیکس ملے گا لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ ایمنسٹی سے ہوگا۔

تازہ ترین