• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ نے حج درخواستوں کی قرعہ اندازی کی مشروط اجازت دیدی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ  نےحج کوٹہ کیس  کی سماعت کے دوران وفاقی وزارت مذہبی امور کو حج کی درخواستوں کی قرعہ اندازی کی مشروط اجازت دیتے ہوئےآئندہ سماعت تک حج پالیسی 2016سے متعلق رپورٹ طلب کر لی، قائم مقام چیف جسٹس، میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اقبال حمید الرحمن اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل بنچ نے جمعرات کے روز حکومت کی جانب سے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کا کوٹہ50فیصد سے 40فیصد کرنے حوالہ سے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف ٹور آپریٹرز کی اپیل کی سماعت کی توجسٹس خلجی عارف حسین نے وزارت مذہبی امور کے جوائنٹ سیکرٹری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گر یہ معاملہ اسی رفتار سے چلتا رہا تو یہ اگلے سے بھی اگلے حج تک چلتا رہے گا، پرسوں تو حج درخواستوں کی وصولی کی تاریخ ختم ہو رہی ہے ، ہمیں عدالت کے حکم پر عملدرآمد چاہیئے، آپ کو چاہیئے تھا کہ حج پالیسی بنا نے کے فوری بعد اسے ویب سائٹ پر چڑھا دیتے ، قا ئم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو تو حج پالیسی بہت پہلے بنالینی چاہیئے تھی ، یہ ہوم ورک حج کے مکمل ہونے کے فوراً بعد کیا جانا چاہیئے تھا،جس پر جوائنٹ سیکرٹری نے موقف اختیار کیا کہ ہم فاضل عدالت کے حکم کے عین مطابق جیسے ہی حج ختم ہوتا ہے ،کام شروع کردیتے ہیں ،لیکن ا س سلسلہ میں ایک مشکل ہر سال آڑے آتی ہے کہ سعودی عرب کی حکومت ہمیں ہر سال حج انتظامات کے حوالہ سے نئی ہدایات بھجواتی ہے اور ہمیں ان ہدایات پر چلنا پڑتا ہے ، اس دفعہ بھی ان کی ہدایات دیر سے ملی ہیں، بعد ازاں فاضل عدالت نے وفاقی وزارت مذہبی امور کو آئندہ سماعت تک حج پالیسی 2016  کے ڈرافٹ سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا جبکہ وزارت کو حج کی درخواستوں کی قرعہ اندازی کی مشروط اجازت دیتے ہوئے قرار دیا کہ قرعہ اندازی کی جائے لیکن امیدواروں کے نام خفیہ رکھے جائیں،او ر اس کیس کا حتمی فیصلہ ہونے تک قرعہ اندازی کے نتائج شائع نہ کیے جائیں،بعد ازاں عدالت نے مقدمہ کی مزید سماعت پیر 2 مئی تک ملتوی کردی۔جبکہ وزارتِ مذہبی امور نے حج درخواستوں کی آج ہونیوالی قرعہ اندازی ملتوی کر دی ہے ،وفاقی وزیر مذہبی امور  سردار محمد یوسف نے کہا کہ شکوک و شبہات سے بالا اور شفاف قرعہ اندازی کے حصول کیلئے یہ اقدام اٹھایاگیا، عدالت سے واضح فیصلہ آنے تک قرعہ اندازی نہ کی جائے۔ قرعہ اندازی کی نئی تاریخ کا اعلان سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں بعد میں کیا جائے گا۔
تازہ ترین