ڈالر تاریخی بلندی پر، اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل مندی، سونا 1700 روپے مہنگا

October 19, 2021

کراچی(جنگ نیوز، اسٹاف رپورٹر)ڈالر تاریخی بلندی پر،اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل مندی، سونا 1700روپے مہنگا ہوگیا، ڈالر ایک روپے 59 پیسے مہنگا ہو کر 172 روپے77 پیسے پربند ہوا۔

فی تولہ سونا ایک لاکھ 19ہزار700روپےکا ہوگیا۔ پاکستان میں ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے اور انٹر بینک میں ڈالر مزید مہنگا ہو گیا ،انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 59 پیسے مہنگا ہو کر 172 روپے77 پیسے پربند ہوا۔

ایک موقع پر انٹر بینک میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 173 روپے 20 پیسے پر بھی دیکھا گیا۔

انٹر بینک میں ایک روپے 82 پیسے مہنگا ہونے کے بعد ڈالر کی قیمت 173 روپے تک پہنچ گئی تھی جو پاکستان کی تاریخ میں ڈالر کی سب سے زیادہ قیمت ہے البتہ کاروباری دن کے اختتام پر ڈالر کی قدر 172روپے 77 پیسے رہی۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کی بنیادی وجہ ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارا ہے۔

اور اس کے علاوہ آئی ایم ایف کی جانب سے روپے کی قدر مزید کم کرنے کا مطالبہ بھی ہے جس سے نا صرف ڈالر کی قیمت مزید بڑھے کا خدشہ ہے بلکہ اس سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہو گا۔

ادھرآئی ایم ایف مذاکرات میں تعطل کی خبروں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ، محدود کاروبار کی وجہ سے مندی کا رحجان ،کے ایس ای100انڈیکس میں192پوائنٹس کی کمی ،63.33 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت گھٹ گئی ،سرمایہ کاری مالیت 29 ارب 48 کروڑ 4 لاکھ روپے کم ہو گئی۔

کاروباری حجم بھی 25.73 فیصد کم رہا۔دوسری جانب کراچی سمیت ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے،گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت میں اچانک 1700 روپے کا بڑا اضافہ ہوا۔

سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 19ہزار 700روپےہوگئی ،10گرام سونے کی قدر 1457 روپے اضافے سے 102623 روپے ہوگئی ہے،عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 4 ڈالرزکم ہوکر 1767 ڈالرزفی اونس ہے۔