معاملات طے ہوچکے‘وزیراعظم آرمی چیف ملاقات انہونی نہیں‘ فواد

October 19, 2021

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی دکان پہلے چلی، نہ اب چلے گی‘ صبح سے رات تک عمران خان کو برا بھلا کہنے سے یہ اقتدار میں نہیں آ سکتے‘ اگر ان کا مقصد اپنے کیسز ختم کرانا ہے تو اس پر بات نہیں ہو سکتی‘فضل الرحمان کو مشورہ ہے کہ وہ اب لوگوں کے جلسوں کے لئے رینٹ کا کام کریں‘ انہیں جتنا استعمال ہونا تھا ہو چکے ہیں، اب ان کی اہمیت نہیں رہی‘ وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں‘یہ کوئی انہونی نہیں‘ معاملات حل ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں کیلی گرافی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آج آٹے اور چینی کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، گنے کی بمپر فصل کی توقع ہے جس سے چینی کی قیمتوں میں مزید کمی آئے گی۔سندھ حکومت نے بھی گندم ریلیز کر دی ہے جس کے بعد وہاںبھی آٹے کی قیمتوں میں کمی ہوگی۔ پوری دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، ہم کسی الگ دنیا میں نہیں رہتے۔ کچھ سیاسی شعبدہ باز باتیں تو کرتے ہیں لیکن مسئلہ کا حل سامنے نہیں لاتے۔یہ جمہوریت پسند لوگ نہیں، صرف ڈیل کی تلاش میں ہیں اور اب احتجاج کا بہانہ ڈھونڈتے ہیں۔اپوزیشن کو جب پتہ چلے کہ فوج اور حکومت میں اختلاف ہو گیا ہے تو یہ سی وی لے کر کھڑے ہو جاتے ہیں اور جب معلوم ہوتا ہے کہ ڈیل نہیں ہوئی تو پھر یہ فوج کے خلاف باتیں کرنا شروع کر دیتے ہیں۔