جمائما کو پاکستانی پوپ موسیقی کیلئے تجاویز کی بھرمار

October 21, 2021

برطانوی پروڈیوسر اور عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے شادیوں پر چلانے کیلئے پاکستانی پوپ میوزک سے متعلق سوال پر پاکستان میں موجود ان کے چاہنے والوں نے تجاویز کی لائن لگادی۔

گزشتہ روز جمائما گولڈ اسمتھ نے شادی بیاہ پر چلانے کے لیے بہترین پاکستانی پوپ گیت کے بارے میں سوال کیا تھا۔

جمائما نے ٹوئٹر پر پاکستان میں موجود صارفین سے سوال کیا کہ شادی پر چلانے کے لیے آج کل پاکستان کا بہترین پاپ گانا کون سا ہے؟

جمائما کی جانب سے اس ٹوئٹ کے سامنے آنے کی دیر تھی کہ پاکستان میں موجود ان کے چاہنے والوں نے تجاویز دینا شروع کردیں، تجاویز کے ساتھ ساتھ کچھ دلچسپ تبصرے بھی سامنے آئے ہیں۔

جمائما کو ملنے والی چند تجاویز یہاں شیئر کی جارہی ہیں۔


یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جمائما نے موسیقی کے حوالے سے مزید تفصیل تو نہیں بتائی کہ آیا انہیں ایک دم ہی پاکستانی موسیقی کی کیوں ضرورت پیش آئی ہے لیکن حالیہ دنوں میں وہ اپنی فلم کیلئے ایسی تجاویز مانگتی دیکھی گئی ہیں تو ممکنہ طور پر اس سوال کا تعلق بھی ان کی فلم سے ہی ہوگا۔

واضح رہے کہ جمائما گولڈاسمتھ کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ کی شوٹنگ لندن میں شروع ہوگئی ہے۔

بھارتی فلم ’مام‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی پاکستانی اداکارہ سجل علی برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ کی پروڈکشن میں بننے والی فلم میں جلوہ گر ہوں گی۔

فلم کی کہانی کا موضوع متوقع طور پر محبت اور شادی سے متعلق ہوگا جو لندن اور جنوبی ایشیا کے مابین ہوگا۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی پہلی اہلیہ سے طلاق ہوئے طویل عرصہ گزر چکا ہے تاہم اب بھی مداح ان کی جوڑی اور محبت سے متعلق باتیں کرتے رہتے ہیں۔

جمائما اور عمران خان کی شادی 1995 میں ہوئی تھی، جمائما نے عمران خان کے ساتھ 1995 سے 2004 تک 9 سال لاہور میں گزارے۔