بہہ جانیوالے15ہزار لٹر خوردنی تیل جمع کرنے کی کوشش نا کام

October 22, 2021

پشاور(نمائندگان جنگ) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ہری پور کے علاقے حطار روڈ پر ٹینکر الٹنے کے نتیجے میں بہہ جانے والے 15 ہزار لٹر خوردنی تیل کو دوبارہ جمع کرنے کی کوشش نا کام بنا دی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی اتھارٹی ہری پور عادل احمد کے مطابق فوڈ سیفٹی اتھارٹی کو خوردنی تیل کے ٹینکر کی الٹنے اور بعد میں گندے نالے سے تیل کی دوبارہ ری فلنگ کی اطلاع ملی، جس پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے خوردنی تیل کے ڈرمز قبضے میں لے لئے گئے۔ اور خوردنی تیل کی دوبارہ ری فلنگ روک کر قانونی کارروائی کیلئے تھانہ حطار کو مراسلہ دے دیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق برول بازار اپر دیر میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا۔ ایک دکان سے ممنوع چائنہ سالٹ اور نان فوڈ کلر برآمد ہونے پر اسے سیل کردیا گیا، جبکہ ایک بیکری کو زائس المعیاد خشک دودھ رکھنے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ فوڈسیفٹی اتھارٹی کے مطابق اپر مہمند میں بھی کاروائی کی گئی، جہاں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک بیکری یونٹ کو جرمانہ کیا گیا۔ جبکہ مختلف کریانہ سٹورز سے بڑی مقدار میں جعلی مشروبات، ممنوع چائنہ سالٹ برآمد ہونے پر موقع پر ضائع کر دیے گئے۔