سریش رائنا کا پاک بھارت مقابلہ نارمل میچ ماننے سے انکار

October 22, 2021

بھارتی بیٹسمین سریش رائنا نے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے مقابلے کو نارمل میچ ماننے سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سریش رائنا نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا میچ کوئی عام میچ نہیں ہوتا، اس دوران سب کے دلوں کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور بھارتی کرکٹر اس طرح کے مقابلے سے قبل کہتے ہیں کہ یہ عام میچ ہے لیکن حقیقتاً ایسا نہیں ہے۔

34 سالہ سریش رائنا جو 226 ایک روزہ اور 78 ٹی 20 میچوں میں بھارت کی نمائندگی کرچکے ہیں کہتے ہیں کہ پاک، بھارت میچ کے دوران دونوں ہی ٹیموں پر پریشر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میچ میں جو بھی ٹیم پریشر کو بہتر انداز میں ہینڈل کرلیتی ہے وہ میچ جیت جاتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ورلڈ کپ کے ایک روزہ یا ٹی20 مقابلے ہوں، پاکستان کے خلاف اب تک بھارت ناقابل شکست ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹکے مطابق جس میدان پر پاکستان اور بھارت کے درمیان 24 اکتوبر کو میچ کھیلا جانا ہے، اس پر پاکستان نے 2016ء سے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اوروہ تمام ہی میں فاتح رہی ہے۔