سچن ٹندولکر بھی محمد شامی کے حق میں بول پڑے

October 25, 2021

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لٹل ماسٹر سچن ٹندولکر بھی محمد شامی کے حق میں بول پڑے۔

سچن ٹنڈولکر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ جب ہم بھارتی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں تو ہم ٹیم کے ہر کھلاڑی کو سپورٹ کرتے ہیں۔

لٹل ماسٹر نے محمد شامی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ محمد شامی دنیا کے بہترین بولرز میں سے ایک ہیں، کل محمد شامی کا دن اچھا نہیں تھا جو کسی بھی کھلاڑی کے کیریئر میں آسکتا ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے مزید کہا کہ میں محمد شامی اور بھارت کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کھڑا ہوا ہوں۔

واضح رہے کہ بھارت کی ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست پر بھارتی ٹیم کے واحد مسلمان کھلاڑی محمد شامی کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد شامی کو سوشل میڈیا پر غدار قرار دے دیا گیا ہے جبکہ پاکستان سے شکست پر محمد شامی کو بھارتی کرکٹ ٹیم سے نکالنے کے مطالبات بھی کیے جارہے ہیں۔