پاکستان کی شاندار کارکردگی نے سابق اسٹارز کے دل موہ لیے

October 26, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بھارت کے خلاف بہترین کارکردگی اور جیت سے پاکستان ٹیم نے سابق عظیم کرکٹرز کے دل موہ لیے۔شین وارن نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا۔ سابق آسٹریلین لیگ اسپنر کہتے ہیں کہ بھارت کے خلاف شاندار جیت کے بعد میری فیورٹ ٹیم پاکستان ہے۔ سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے لکھا کہ بابر اعظم آپ بہترین کھیلے، پاکستان کی ٹیم کو بھارت کے خلاف پہلی بار ورلڈکپ میں میچ جیتنے پر مبارک ہو۔ ایسا لگتا ہے کہ پاکستان ٹیم کسی خاص مِشن پر ہے۔ سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ بابر کی جیسی تیکنیک ہے اس سے لگتاہے 10سال میں وہ سارے ریکارڈ توڑ سکتا ہے۔ پریکٹس میچ میں بھی بابر کلیئر تھے کہ بھارت کے خلاف کس انداز میں جانا ہے۔ جس وننگ کمبی نیشن سےلڑکوں میں اعتماد آ رہا ہو اسی کو جاری رکھنا چاہیے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہاکہ بابر اعظم نے ہر کھلاڑی کو پلان کے مطابق کھلایا ، شاداب نے آخری دو اوور بہت اچھے کیے۔