مشکوک انتخابی فہرستوں کی بنیاد پر الیکشن کے کیا معنی ہیں، فضل الرحمان

October 27, 2021


پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ دھاندلی کی پیداوار کی نگرانی میں بلدیاتی الیکشن کیسے قبول کیے جاسکتے ہیں، الیکشن کمیشن اعتراف کر رہا ہے کہ ووٹر لسٹ مشکوک ہے

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی الیکشن کےحوالے سےالیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کیا ہے، صوبے میں پی ڈی ایم کی سیاسی جماعتوں سے اس حوالے سے مشاورت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے پر مشترکہ موقف اپنایا ہے، ہم 2018 کے انتخابی نتائج قبول نہیں کرتے، ان نتائج کے بعد بننے والی حکومتیں جعلی ہیں، ایسی حکومتوں کی زیر نگرانی منصفانہ اور شفاف انتخابات کیسے ہو سکتے ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے خود کہا کہ ہم ووٹرز کی تصدیق کا سلسلہ شروع کریں گے، الیکشن کمیشن اعتراف کر رہا ہے کہ ووٹر لسٹ مشکوک ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عجیب بات ہے ولیج کونسل غیرجماعتی اور تحصیل جماعتی بنیادوں پر ہو گی،یہ لوگوں کو زبردستی پی ٹی آئی میں شامل کرنے کے لیے ہے، ہم ان انتخابات کو قبول نہیں کرتے، ہم مشورہ کررہے ہیں کہ الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے۔