سرینگر سے شارجہ بھارتی ائیر لائن کا پاکستانی فضائی حدود کا استعمال

October 29, 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ) ذرائع ابلاغ کی رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ سرینگر سے شارجہ تک بھارتی ایئرلائن کی پرواز پاکستان کی فضائی حدود استعمال کررہی ہے ، 23؍ اکتوبر سے تین پروازیں آپریٹ ہوچکی ، 4 نومبر تک مزید 8 پروازیں جائیں گی جن میں سے 5شیڈول ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہےکہ فضائی حدود سے انکار اب ماضی کا ایک قصہ بن گیا ،شاید دونوں ممالک میں نارمل تعلقات کی کوئی امید ہو۔ ادھر سول ایوی ایشن کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ہم رائٹس نہیں دیتے تو انڈیاہمارے خلافICJ میں جاسکتا ہے اور ہم اس کا دفاع نہیں کرسکیں گے ۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کہا کہ یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ جو فضائی حدود سے انکار کیا جاتا تھایہ تو اب ماضی کا ایک قصہ بن گیا ہے۔شاید دونوں ممالک میں نارمل تعلقات کی کوئی امید ہو۔انہوں نے فلائٹ ریڈار کی ایک تصویر بھی اس حوالے سے ڈالی۔ بھارتی اخبار نے بھی اس خبر کو اُٹھایا کہ کیا پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی بھارت کو اجازت دے دی ہے ۔شارجہ سے سری نگر جو پروازیں ہیں اس کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔سری نگر سے لے کر شارجہ تک تین عدد پروازیں اڑی ہیں اور یہ 23؍ اکتوبر کے بعدان پروازوں کا سلسلہ شروع ہوااور 4 نومبر تک 8 پروازیں مزید ہیں۔اگلی پانچ پروازیں شیڈول ہیں جنہوں نے پاکستان کی فضائی حدوداستعمال کرنی ہے۔