حکومت آج بھی ماضی میں الجھی ہوئی ہے، ق لیگ

November 14, 2021

وفاق اور پنجاب حکومت سے ناراض پاکستان مسلم لیگ (ق) کا آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہوگا، اس حوالے سے پارٹی ترجمان کامل علی آغاز نے بتایا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی آج مشاورت کے بعد فیصلہ سنائے گی۔

مسلم لیگ (ق) کے صدر اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ وہ تو ساتھ نبھاتے ہیں، حکومت ساتھ نہیں نبھا رہی، 3 سال سے وفاق اور صوبے کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

حکومت کی اہم ترین اتحادی جماعت ق لیگ کے ترجمان سینیٹر کامل علی آغا کے مطابق پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام پھر ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینٹرل ایگزیکٹو پارٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

کامل علی آغا نے یہ بھی کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد متفقہ فیصلہ آج جاری کیا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے اہم قانون سازی میں کبھی مشاورت نہیں کی، ملک میں روز بروز بڑھتی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے لیکن حکومت آج بھی ماضی میں الجھی ہوئی ہے۔

ق لیگی سینیٹر نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مہنگائی کی وجہ سے عوام کے پاس کیا منہ لے کر جائیں گے۔