پولیس اہلکار آفتاب شاہ قتل کیس، دونوں ملزمان کی رہائی کا حکم

November 16, 2021

سندھ ہائی کورٹ نے پولیس اہلکار آفتاب شاہ قتل کیس کی سماعت کرتے ہوئے سزا یافتہ ملزمان کی اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا اور عدم شواہد کی بناء پر شعیب عرف شاہو اور فہد بن شکیل کی اپیل منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالتِ عالیہ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ پولیس نے آلۂ قتل برآمد نہیں کیا، نہ ہی جائے وقوع سے خول برآمد کیئے تھے۔

خصوصی عدالت نے ملزمان کو اپریل میں عمر قید اور 3، 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

واضح رہے کہ جولائی 2011ء میں ایم کیو ایم نے ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا، الفلاح تھانے کی پولیس موبائل ملت روڈ ملیر پر ایمرجنسی ڈیوٹی پر تھی۔

پولیس کے مطابق پولیس جیسے ہی جامعہ ملیہ پہنچی تو پولیس موبائل پر اچانک فائرنگ شروع ہو گئی، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار آفتاب شاہ گولی لگنے سے شہید ہو گیا تھا۔

ملزمان کے خلاف الفلاح تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔