کراچی کے وکٹوریا سینٹر میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

November 17, 2021

کراچی کی زیب النساء اسٹریٹ پر واقع وکٹوریہ سینٹر میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، آگ بجھانے کے دوران ایک فائر فائٹر اور سامان نکالتے ہوئے ایک دکان دار زخمی ہوا، آگ کے باعث کروڑوں روپے مالیت کا گارمنٹس کا سامان جل گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔

کراچی کی زیب النسا اسٹریٹ پر واقع وکٹوریہ سینٹر میں لگنے والی آگ پر کچھ گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا تاہم کولنگ کا عمل مزید کئی گھنٹے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مارکیٹ میں آگ اچانک لگی جس نے گارمنٹس اور لیدر گارمنٹ کے گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملنے پر چودہ فائر ٹینڈر، دو اسنار کل اور واٹر باؤزر موقع پر پہنچ گئے۔

آگ بجھانے کے دوران عبداللّٰہ ہارون روڈ اور فوارہ چوک ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا جس سے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام رہا۔

تین دن کے دوران صدر کی مارکیٹوں میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں تاجروں کو پھر کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔

امدادی سرگرمیوں کے دوران ایک فائر فائٹر اور ایک دکاندار زخمی ہوا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود تھی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آگ لگنے کے دونوں واقعات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔