ایکنک اجلاس، 302 ارب کے 9میگا منصوبے منظور

November 25, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹوکمیٹی نے 301 ارب 82 کروڑ 71لاکھ روپے مالیت کے 9میگا منصوبوں کی منظوری دے دی ۔ ایکنک کا اجلاس بدھ کو مشیرامور خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، وزیر صنعت و پیداوار خسروبختیار اور دیگراعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔ ایکنک نے27ارب 91کروڑ 35لاکھ روپے مالیت کے سپارکوکے آپٹیکل ریمورٹ سینسنگ سٹیلائٹ منصوبے کی منظوری دے دی ، اس منصوبے کے ذریعے سٹیلائیٹ ٹیکنالوجی کے حصول میں مزید خود انحصاری میں کردارادا ہوگا۔اجلاس میں سیالکوٹ (سمبڑیال) تا کھاریاں موٹروے پروجیکٹ کےلیے43ارب38کروڑ 25لاکھ روپے مالیت کے منصوبے کی منظوری دے دی ، اس منصوبے کے تحت 69کلومیٹر طویل چاررویہ سٹرک تعمیر کی جائے گی ، ایکنک نے 51ارب 29کروڑ81لاکھ روپے مالیت کے نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کے دوسرے نظر ثانی منصوبے کیبھی منظوری دی ۔ نیوایئر پورٹ پر اے 380ائر بس اور بوئنگ 747اور777جیسے بڑے طیاروں کےلیے بھی استعمال ہو سکےگا، ایکنک نے آئیسکو میں ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر کےلیے 16ارب93کروڑ روپے مالیت کے منصوبے کی منظوری دی ،یہ فنڈز ایشیائی ترقیاتی بنک استعمال کرے گا۔ا یکنک نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کو بغیر کسی تاخیر کے شروع کیا جائے۔ ایکنک نےپشاور اور نوشہرہ کے اضلاع میں واسک کینال کی ری موڈلنگ کےلیے 16ارب69 کروڑ58لاکھ روپے کی منظوری دی ۔ دوسرے نظر ثانی پی سی ون میں وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت نصف نصف فنڈز فراہم کریں گی ۔ ایچ ای سی کےہائیر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ پاکستان کے نظر ثانی منصوبہ کیلئے 12ارب78کروڑ20لاکھ روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی اس کےلیے عالمی بنک فنڈز فراہم کرے گا۔یہ منصوبہ پورے پاکستان کےلیے ہوگا۔