برطانیہ میں بڑھتا ہوا اسلامو فوبیا انتہائی خطرناک ہے،عبدالمجید ندیم

November 26, 2021

بر منگھم (پ ر) یورپ اور برطانیہ میں بڑھتا ہوا اسلاموفوبیا انتہائی خطرناک ہے۔اداروں سے لے کر سیاسی جماعتیں اس کا شکار ہیں۔اسلاموفوبیا کی اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔وقت آ گیا ہے کہ اس کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے۔ ایک فلاحی اور جمہوری معاشرے کے استحکام کے لیے ضروی ہے کہ سب کا احترام کیا جا ئے۔ ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر بر طا نیہ کے نائب صدرمفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلا مک سنٹر برمنگھم میں ہفتہ وار پروگرام سے خصوصی خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے کہا برطانیہ جیسے ملک میں پارلیمنٹ سے لے کر ہاؤس آف لارڈز تک اور کھیل کے میدانوں سے لے کر تعلیمی اداروں تک ہر جگہ اسلاموفوبیا اور نسل پرستی کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اب یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نسل پرستی سے نمٹنے کیلئے سنجیدگی سے قانون سازی کرے اور اس سے عملی طور پر ضروری اقدامات کرے۔اسی مہینے ایک مسلمان اور پاکستانی نژاد کھلاڑی نے جس طرح کے انکشافات کیے ہیں ان سے ارباب اختیار کی آنکھیں کھل جانی چا ہئیں ۔یہ تو ایک واقعہ ہے جسے میڈیا میں پذیرائی ملی ہے وگرنہ ایسے سیکڑوں واقعات ہیں جنہیں رپورٹ ہی نہیں کیا جاتا ۔ مفتی عبدالمجید ندیم نے کہا بحیثیت مسلم کمیونٹی ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم اسلاموفوبیا اور نسل پرستی کے واقعات کو پولیس کے پاس رپورٹ کریں۔خاموش رہنا مسئلے کا ہر گز حل نہیں ہے۔ ہماری یہ بھی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ایم پیز سے رابطہ رکھیں اور میڈیا کو بھی ان واقعات کے بارے میں آگاہ کریں ۔ایک مشترکہ جدوجہد ہی اس سنگین مسئلے کو حل کر سکتی ہے۔