سکھ برادری کی توہین، دہلی اسمبلی کیجانب سے کنگنا رناوت کو سمن جاری

November 27, 2021

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی دہلی اسمبلی کی امن اور ہم آہنگی کمیٹی نے فرقہ وارانہ انتشار اور نفرت پھیلانے کے الزام میں اداکارہ کنگنا رناوت کو 6 دسمبر کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے سمن جاری کیا ہے۔ دہلی کے رکن اسمبلی راگھو چڈھا کی سربراہی میں امن اور ہم آہنگی کمیٹی نے کنگنا رناوت کو سمن جاری کرکے اداکارہ کو 6 دسمبر کو دوپہر 12 بجے پیش ہونے کے لیے طلب کیا ہے۔دہلی اسمبلی کی امن اور ہم آہنگی کمیٹی کو اداکارہ کنگنا کی جانب سے ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ، کنگنا رناوت پر مبینہ طور پر توہین آمیز پوسٹ کے حوالے سے کئی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ شکایت کنندگان کے مطابق کنگنا رناوت کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی رسائی بہت زیادہ ہے۔ اسے دنیا بھر میں تقریباً 80 لاکھ افراد فالو کرتے ہیں۔ کنگنا نے مبینہ طور پر اپنی پوسٹ سے سکھ برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے جس سے معاشرے کے امن اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔شکایات میں کہا گیا ہے کہ کنگنا رناوت نے مبینہ طور پر سکھ برادری کو ’خالصتانی دہشت گرد‘ قرار دیا ہے۔ جس کی وجہ سے سکھ برادری کی توہین ہوئی ہے۔ ان کے ذہنوں میں سلامتی، زندگی اور آزادی کے بارے میں بھی خوف پیدا ہو گیا ہے۔ کنگنا روناوت نے 20 نومبر کو یہ اسٹوری پوسٹ کی تھی۔شکایت کنندہ کے مطابق کنگنا رناوت نے مبینہ طور پر اس پوسٹ سے سکھ برادری کے جذبات کو بہت ٹھیس پہنچائی ہے۔ پوری کمیونٹی کی بے عزتی کرنے سے دہلی میں امن اور ہم آہنگی میں خلل پڑ سکتا ہے۔ شکایت کنندہ کے مطابق انھیں سب کے سامنے ’خالصتانی‘ کہا جاتا ہے۔ یہ نہ صرف ان کے لیے چونکا دینے والا تھا بلکہ اس نے اس کے خاندان اور خودی کی حفاظت کے بارے میں خدشات بھی پیدا کیے تھے۔شکایت کنندگان نے کمیٹی سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کو فوری طور پر دیکھیں۔ اس کے بعد شکایات کا جائزہ لینے اور اٹھائے گئے مسائل پر غور و خوض کرنے کے بعد امن اور ہم آہنگی کی کمیٹی نے موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لیا۔