• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف کا اسلامو فوبیا کے تدارک کے عالمی دن پر پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامو فوبیا کے تدارک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج اسلامو فوبیا کے تدارک کا عالمی دن ہے، دین اسلام تمام نوع انسانی کے لیے امن و آشتی کا پیغام ہے، اسلام کو انتہا پسند خیالات سے منسوب کرنا صریحاً لاعلمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن دین اسلام اور مسلمانوں کے خلاف تعصب کی مذمت میں عالمی آواز ہے۔ آج کا دن مسلمانوں کو مذہبی تعصب اور متشدد واقعات کے خلاف تخفظ فراہم کرنے کا عالمی احساس ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلامو فوبیا معاشرتی عدم برداشت، بنیادی مذہبی آزادی اور باہمی اتحاد و رواداری جیسی اقدار کو کمزور کرنے کا باعث ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مہذب معاشرے عقائد کی بنیاد پر انسانی حقوق میں تفریق نہیں کرتے بلکہ باہمی احترام و ایثار پر قائم ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامو فوبیا پر مبنی تمام طرزعمل اس کی تمام صورتوں کی مذمت کرتا ہے، اسلامی تعلیمات کے عین مطابق اور بین الاقوامی قوانین کی نظر میں تمام انسان مساوی حقوق رکھتے ہیں۔

وزیراعظم کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان نے تمام بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ ذمہ دارانہ انداز میں اسلامو فوبیا کے خلاف آواز بلند کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی پاکستان اقوام عالم کے درمیان مذہبی رواداری کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

قومی خبریں سے مزید